بابر اعظم میں عظیم بلے باز بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، ناصر حسین 

لاہور:  انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کا کہنا ہے کہ بابراعظم کے پاس وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو ایک عظیم کھلاڑی میں ہوتی ہیں 

 جب بابراعظم اچھی بیٹنگ کررہا ہو تو اسے دیکھنے کا مزہ آتا ہے،اگر وہ ایک عظیم کھلاڑی کے طور پر یاد رکھا جانا چاہتا ہے تو اسے یقینی بنانا ہوگا کہ وہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں رنز بنائے اور اپنی فارم کا بھرپور فائدہ اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ   آف سٹمپ کے باہر گرنے والی گیندیں کھیلنے میں بابر اعظم کو مشکلات درپیش ہوتی ہیں اور انہیں اس کمزوری پر قابو پانا ہوگا۔ 

ایک انٹرویو میں 52 سالہ ناصر حسین کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو دنیا بہترین بلے باز بننے کے لیے ہر طرح کی کنڈیشنز میں پرفارم کرنے کی ضرورت ہے،بابر اعظم کو آف سٹمپ کے باہر گیندیں کھیلنے میں مشکلات پیش آتی ہیں جس طرح انگلینڈ کے پہلے دورے پر ویرات کوہلی کو پیش آئی تھیں۔


ناصر حسین کا مزید کہنا تھا کہ بابراعظم کے پاس وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو ایک عظیم کھلاڑی میں ہوتی ہیں، وہ ون ڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بھی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔

 انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بھی ان کی کارکردگی ٹھیک رہی تھی کیونکہ انگلینڈ میں آکر کسی بھی بلے باز کا سکور کرنا آسان نہیں ہوتا، انہیں اب صرف ٹیسٹ کرکٹ میں ویرات کوہلی کی طرح مستقل مزاجی دکھانے کی ضرورت ہے۔

ناصر حسین کا مزید کہنا تھا کہ بابراعظم گزشتہ 6 سے 9 مہینوں کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی فارم میں ہیں اور اب انہیں طویل عرصے تک مستقل مزاجی کی ضرورت ہے۔