شاہد آفریدی کے چاہنے والوں کیلئے بُری خبر

کراچی: پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی پی ایس ایل 6 سے باہر ہوگئے۔

 ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کمر میں تکلیف کے باعث پی ایس ایل کے بقیہ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

شاہد آفریدی کراچی میں ٹریننگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے تھے، اسٹار آل راؤنڈر کی جگہ آصف آفریدی کو ملتان سلطانز کے سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

ڈاکٹرز نے آفریدی کو  انجری کا جائزہ لینے کے بعد کچھ ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’مایوسی ہے کہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کررہا میری تمام تر نیک تمنائیں ملتان سلطانز کے ساتھ ہیں۔

آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے لیے ٹریننگ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں درد اٹھنے پر ڈاکٹر سے رجوع کیا، بدقسمتی سے انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے،جس کی وجہ سے وہ ابوظہبی لیگ میں ملتان سلطانز کو جوائن نہیں کرسکیں گے۔