محمد عامر کی واپسی کیلئے ”کپتان“  نے فیصلہ لے لیا 

لاہور: قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ وہ ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ شکایات کے بارے میں محمد عامر سے بات کریں گے اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بارے میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔

 ایک انٹرویو میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ واقعی میں عامر کو پسند کرتے ہیں، وہ دنیا کے بہترین فاسٹ بالرز میں سے ایک ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عامر کراچی کنگزکوایک بار پھر پی ایس ایل چیمپئن بنانے میں ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں، ایسا کرنے کی صورت میں کراچی کنگز یہ کارنامہ حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ 

بابراعظم نے کہا کہ میں نے ابھی عامر سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات نہیں کی ہے لیکن جب مجھے ان سے بات کرنے کا موقع ملے گا تو ہم ان کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کریں گے، وہ دنیا میں بائیں بازو کے بہترین باؤلرز میں سے ایک ہیں اور میں واقعتا انہیں پسند کرتا ہوں، مجھے امید ہے کہ وہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔


سٹار بلے باز کا خیال ہے کہ عامر قومی ٹیم کے لئے ایک اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کے تیزی سے قریب آنے کے بعد 29 سالہ فاسٹ بولر کو حتمی سکواڈ میں جگہ بنانے کا موقع مل سکتا ہے۔

 یاد رہے کہ محمد عامر نے پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ بالخصوص ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کے تحفظات کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔