شعیب اختر اور ذلفی بخاری آمنے سامنے آگئے

 اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی ذلفی بخاری اور سابق کرکٹر شعیب اختر کے درمیان دلچسپ گفتگو ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل شعیب اختر نے اداکار و میزبان فہد مصطفی کو ٹوئٹر پر چیلنج دیا تھا کہ اگر وہ شعیب کی 6 گیندیں کھیل لیں گے تو انعام میں اْنہیں موٹرسائیکل دی جائیگی۔

فہد کو دیا گیا یہ چیلنج ذلفی بخاری نے قبول کرلیا اور اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ میں آپ کا چیلنج قبول کروں گا۔

ذلفی کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ یہ دیکھیں، یہاں ایک اور چیلنجر آگئے، خیریت ہے؟

شعیب کی اس ٹوئٹ پر ذلفی بخاری نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ جی ہاں، یہاں سب خیریت ہے دوست، میں سنجیدہ ہوں، میں آپ کی ہر گیند کو مس کردوں گا اور پھر انعام میں ملنے والی موٹرسائیکل عطیہ کردوں گا۔

شعیب اختر نے اس کا جواب دیا اور کہا کہ یہ معاملہ سنجیدگی کی جانب بڑھ رہا ہے، اگر ایسی بات ہے تو میں آپ کو ہر گیند پر موٹرسائیکل دوں گا، شرط یہ ہے کہ آپ کو ہر گیند اپنے بلے سے چھونی ہوگی۔سابق بولر نے لکھا کہ پھر کیا کہتے ہیں؟ یہ چیلنج کب کرنا ہے؟۔