پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کا ابتدائی شیڈول جاری

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز 9 سے 24 جون تک ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق کوالیفائر اور ایلیمنٹر 1 سمیت ایونٹ کے دوران 6 ڈبل ہیڈرز کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل کے میچز یو اے ای وقت کے مطابق رات 8 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے) شروع ہوں گے، جبکہ میچز کا مکمل شیڈول کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا۔

پی سی بی کا بتانا ہےکہ ڈبل ہیڈرز والے روز پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام6 بجے ہوگا جبکہ دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات11 بجے ہوگا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل میں شرکت کے لیےابوظبی پہنچنے کے بعد ابتدائی قرنطینہ مکمل کرنے والے پلیئرز نے ٹریننگ کیلئے شیخ زاید اسٹیڈیم کا رخ کرلیا ہے۔

گزشتہ روز شیخ زاید اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں نے تقریباً تین گھنٹے ٹریننگ کی، کھلاڑیوں کو میدان میں آنے کا یہ موقع 7 روز تک کمروں میں محدود رہنے کے بعد میسر آیا۔
27 مئی کو چارٹرڈ فلائٹس سے پہنچنے والے افراد کا قرنطینہ بدھ کو مکمل ہوگیا جس کے بعد کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت ملی۔