چیلسی یورپی چیمپیئن بن گیا

چیلسی نے انگلش پریمیر لیگ چیمپئن مانچسٹر سٹی کو پرتگال کے شہر پورٹو میں ہونے والے فائنل میچ میں 1-0 سے شکست دے کر یوایفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ اپنے نام کرلیا اور مانچسٹر سٹی کے پہلی بار یورپی کلب چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور کردیا۔

چیلسی کی جانب سے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول پہلے ہاف کے خاتمے سے صرف تین منٹ قبل جرمن  انٹرنیشنل کھلاڑی کائی ہورٹز نے کیا جو چیمپئنز لیگ میں بھی ان کا پہلا گول تھا۔

اس پہلے اور فاتحانہ گول نے ہورٹز کو ہیرو بنا دیا۔

مانچسٹرسٹی کے فٹبالرز کی دل شکستگی کا اندازہ اس سے ہوتا تھا کہ وہ میچ ختم ہونے کے بعد بھی گراؤنڈ سے باہر جانے کوتیار نہیں تھے اور ایسا لگتا تھا کہ وہ منجمد ہو کر رہ گئے ہیں۔

انگلش پریمیئر لیگ میں کامیابی اور سیزن میں شاندار کارکردگی کی وجہ سے مانچسٹر سٹی کے مینیجراور کھلاڑیوں کو یقین تھا کہ وہ اس یورپی اعزاز کو پہلی بار اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

مانچسٹر سٹی فٹبال کلب یو ایفا چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچا تھا۔  چھ ہفتوں کے دوران چیلسی نے مانچسٹر سٹی کے خلاف تین میچز میں تیسری کامیابی حاصل کی۔

پرتگال کے شہر پورٹو کے اسٹیڈیو ڈو ڈراگاؤ میں موجود 16ہزار تماشائیوں میں چیلسی اور مانچسٹر سٹی کے 6،6 ہزار سپورٹرز بھی شامل تھے۔

ان تماشائیوں کی  موجودگی میں چیلسی کے فٹبالرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ کے آغاز سے ہی مانچسٹر سٹی پر حملے کرنا شروع کیے۔

چیلسی کے فٹبالرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اچھی مووز بنائیں۔  چیلسی کے ٹیموورنر کو ابتدا میں دو مواقع ملے لیکن وہ انہیں گول میں تبدیل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ 

مانچسٹر سٹی کے فٹبالرز  چیلسی کی دفاعی لائن کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ ریاض مہریز‘فوڈن‘ گنڈوگون رحیم سٹرلنگ اور ڈی بروئنے  نے اچھی مووز بنائیں لیکن وہ انہیں گول پوسٹ تک نہیں پہنچاسکے۔

 

فائنل کا پہلا ہاف ختم  ہونے سے تین منٹ قبل میسن ماؤنٹ نے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے ہورٹز کو خوبصورت پاس دیا جس کو وصول کرتے کے بعد وہ تیزی سے گول پوسٹ کی جانب بھاگے۔

ان کے سامنے صرف مانچسٹرسٹی کا گول کیپر ایڈریسن تھا جس نے ڈائیو لگا کر گیند کو چھیننے کی کوشش کی لیکن ہورٹز نے ایڈریسن کو خوبصورتی سے چکمہ دیا اور گیند گول کیپر سے ٹکرا کرکچھ دور ہوگئی تاہم جرمن فٹبالر نے اس پر فوری کنٹرول حاصل کرتے ہوئے گیند کو خالی گول پوسٹ میں پھینک کر چیلسی کو ایک گول کی برتری دلوادی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

جرمن فٹبالر ہورٹز کا چیلسی کی جانب سے یہ پہلا سیزن ہے اوران کی خدمات ریکارڈ بھاری معاوضے پر حاصل کی گئی ہیں۔

انہوں نےاپنے اس گول سے ٹیم مینجمنٹ کے فیصلے اور اعتماد کو درست ثابت کر دکھایا۔ ایک گول سے خسارے میں جانے کے بعد مانچسٹرسٹی نے گول برابر کرنے کی سر توڑ کوشش کی مگرناکامی ہوئی۔

دوسرے ہاف میں بھی مانچسٹر سٹی کے فٹبالرز نے چیلسی کی برتری کو ختم کرنے کیلئےکئی اچھی مووز بنائیں مگر چیلسی کی دفاعی لائن ان کے سامنے آہنی دیوار ثابت ہوئی جس کو انہوں نے عبور کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

کھیل کے 60ویں منٹ میں مانچسٹر سٹی کو اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب اسٹار مڈفیلڈر کیون ڈی بروئنے چیلسی کے انتونیو روڈیگر کے ساتھ ٹکرانے کی وجہ سے شدید زخمی ہو گئے اور انہیں اسپتال لے جانا پڑا۔ ڈی بروئنے کی جگہ برازیلین فٹبالر گیبریل جیسس کو  میدان میں اتارا گیا تھا۔ گورڈیولا 75 ویں منٹ میں رحیم سٹرلنگ کی جگہ اوگیورو کو میدان میں لائے تاکہ چیلسی کی برتری کو ختم کیا جا سکے۔

اوگیورو کا مانچسٹر سٹی کی جانب سے یہ آخری میچ تھا۔ کھیل کے آخری لمحات میں ریاض مہریز اور اوگیورو کو مواقع ملے مگر وہ ان کو گول میں تبدیل نہیں کرسکے مہریز کی کک گول بار سے ٹکرا گئی اور میچ چیلسی کی ایک گول کی برتری پر ہی اختتام پذیر ہوگیا۔