بھارت نے آئی سی سی ایونٹس پر یو ٹرن کیوں لیا؟

بھارتی کرکٹ بورڈ کی آئی سی سی ایونٹس پر  یوٹرن لینے کی وجہ سامنے آگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ مل کر شروع میں کونسل کی جانب سے عالمی ایونٹس بڑھانے پر مخالفت کی تھی اور آپس میں مل کر الگ بلاک بنانے کا عندیہ بھی دیا تھا،حالیہ آئی سی سی میٹنگ میں متفقہ طور پر اگلے دورانیے کے عالمی ایونٹس کی منظوری دے دی گئی، جس میں چیمپئنز ٹرافی کی بھی واپسی ہورہی ہے۔ بی سی سی آئی کے اس یوٹرن کی وجہ آئی پی ایل کے لیے ونڈو میں توسیع کے امکان کو قرار دیا جارہا ہے۔

ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ بھارتی بورڈ کو آئی پی ایل میں 2 نئی ٹیموں کے اضافے کی صورت میں کم سے کم 15 اضافی دن درکار ہوں گے۔ اس لیے وہ مارچ کے آخری حصے میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ شیڈول نہ کیے جانے کی توقع کررہا ہے تاکہ وہ آسانی سے 94 کے قریب میچز منعقد کرسکے۔ اس وقت اسے 60 میچز کیلیے 52 سے 54 روز کی ونڈو دستیاب ہے۔