محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے

لاہور: قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ پی سی بی نے فاسٹ بالر کو ٹیم میں واپس لینے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے 

 ذرائع کے مطابق ابوظہبی میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے فاسٹ باؤلر محمد عامر سے بات کی جس دوران ان کی جانب سے مثبت اشارے دیکھنے کو ملے ہیں۔


اس سے قبل ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں انگلینڈ میں میری عامر سے بات ہوئی۔

 جس میں ان پر واضح کیا ہے کہ جو راستہ انھوں نے اختیار کیا وہ ایک سینئر پلیئر کیلئے درست نہیں ہے، وہ اب بھی پاکستانی ٹیم کے لیے ایک اہم کھلاڑی ہیں اور کرکٹ بورڈ ان کے اور کوچز کے درمیان صلح کرانے کی کوشش کرے گا۔

وسیم خان نے محمد عامر کی قومی ٹیم میں دوبارہ واپسی کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا۔

 یاد رہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر ٹیم مینجمنٹ کے رویے کو وجہ قرار دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرہوگئے تھے۔