آزاد کشمیر الیکشن کے مضمرات۔۔۔۔۔

آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی فتح کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ گلگت  بلتستان میں اسکی کامیابی کی طرح یہ جیت بھی بہت جلد قصہ پارینہ بن جائیگی۔ دو چار دن کی بات ہے مہنگائی‘ بیروز گاری اور حکومت کی کرپشن کے قصے پھر ٹاک شوز اور سوشل میڈیا پر چھا جائیں گے امریکہ کی انتخابی سیاست کا مشہور مقولہ ہے کہ Elections have consequences یعنی انتخابات کے نتائج ہوتے ہیں اس سے مراد صرف یہ نہیں کہ جیتنے والی جماعت حکومت بنا لیتی ہے بلکہ اسکا مطلب یہ بھی ہے کہ انتخابات کے نتائج لوگوں کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں وہ فاتح جماعت کی خوبیوں اور شکست خوردہ پارٹی کی ناکامیوں کی وجوہات تلاش کرنے لگتے ہیں یہ درست ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں لوگ اسلئے وفاق کی حکمران جماعت کو ووٹ دیتے ہیں کہ انکی ریاستوں کے ترقیاتی فنڈز اسلام آباد سے آتے ہیں۔ فی الحال انہوں نے پی ٹی آئی کو 45 میں سے 25سیٹیں دیکر یہ ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے عمران خان کے صحت کارڈ اور بلا سود قرضوں کے پروگراموں پر یقین کر لیا ہے اب انہیں انتظار رہیگا کہ وزیر اعظم کب اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہناتے ہیں۔جہاں تک آزاد کشمیر کے الیکشن کے مضمرات کا تعلق ہے تو اس کا سب سے زیادہ نقصان نون لیگ کو ہوا ہے اس جماعت نے 2016 کے انتخابات میں یہاں سے بتیس سیٹیں جیتی تھیں اب اسکے حصے میں صرف چھ سیٹیں آئی ہیں اسے وفاق میں بر سر اقتدار نہ ہونے کی رعایت دے بھی دی جائے تو یہ فرق اتنا زیادہ ہے کہ اسکے اثرات دور رس ہو سکتے ہیں آزاد کشمیر انتخابات کے ڈانڈے دو سال بعد ہونیوالے عام انتخابات سے ملانا دور کی کوڑی لانے والی بات ہے مگر نون لیگ پر اسکے اثرات ابھی سے مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں اس جماعت میں شہباز شریف اور مریم نواز کے متضاد بیانیوں کی کشمکش تو کافی عرصے سے جاری ہے مگر اب یہ نظر آنے لگا ہے کہ مریم نواز کی گھن گھرج والی سیاست ہجوم تو اکھٹا کر لیتی ہے مگر ووٹ حاصل نہیں کر سکتی مریم صاحبہ کی مجبوری یہ ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کے شعلہ مزاج لیڈروں کے الزامات کے جواب دینا پڑتے ہیں وہ اگر مخالفین سے دو قدم آگے جا کر جوابی حملہ نہ کریں گی تو جلسے میں تالی بجے گی اور نہ ہی پارٹی کے وفادار ووٹروں کاخون گرم ہو گا  وزیر اعظم عمران خان اگر یہ کہیں گے کہ نواز شریف عوام کی لوٹی ہوئی دولت سے اپنے نواسے کو لندن میں پولومیچ کھلا رہے ہیں تو پھر مریم نواز سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی کہ وہ اس الزام کا جواب نہیں دیں گی اس حوالے سے کہا جا سکتا ہے کہ تحریک انصاف سیاسی جلسوں کی ٹرینڈ سیٹر ہے مسلم لیگ نون تو صرف اپنا رد عمل دیتی ہے تو کیا اسکا یہ مطلب ہے کہ تکرار وتصادم اسوقت تک جاری رہیگا کہ جب تک حکمران جماعت تو تکار چھوڑ کر گورننس کی طرف توجہ نہیں دیتی اس دشنام طرازی سے آخر عوام کے ہاتھ کیا آتا ہے کیا وہ اپنے کام کاج چھوڑ کر صرف یہ بہتان بازی اور سوت نہ کپاس ہوا میں لٹھم لٹھا دیکھنے کیلئے آتے ہیں کچھ ایسے ضرور ہوتے ہوں گے مگر کسی بھی لیڈر کو اپنی رفعت تخیل کو لفظی بازی گری اور فقرہ بازی تک محدود نہیں کرنا چاہئے۔ تحریک انصاف کی انتخابی مہم اگر صرف ہلڑ بازی تک محدود رہتی تو تحریک انصاف حکمران جماعت ہونے کے باوجود اتنی کامیابی حاصل نہ کر سکتی عمران خان اگر لوگوں کو اچھے مستقبل کے خواب نہ دکھاتے تو انکی جماعت کو اتنی سیٹیں نہ ملتیں لیکن انتخابی سیاست کا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہر جماعت کو اپنے ووٹروں کے علاوہ Swing voters یعنی کسی بھی طرف چلے جانیوالے ووٹروں کی ضروریات کا خیال بھی رکھنا ہوتا ہے مریم نواز کے پاس آزاد کشمیر کے عوام کو دینے کیلئے کچھ بھی نہ تھا وہ حکمران جماعت کو ترکی بہ ترکی جواب دینے تک محدود رہیں لگتا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگوں نے اس انداز سیاست کو مستردکر دیا ہے مگر بلاول بھٹو نے بھی تو صرف دشنام طرازی پر اکتفا کیا انکی جماعت کیوں گیارہ سیٹیں جیت گئی اسکے بارے میں یہ کہا جا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوارہمیشہ سے اپنی سیٹیں جیتتے آئے تھے اسلئے انکے ہارنے کے امکانات کم تھے اب یہ کہا جا سکتا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے ایک وسیع تناظر میں اسے اسکا فائدہ ضرور ہو گا  اس الیکشن کے Spillover Effects یعنی ابلنے اور چھلکنے والے اثرات بھی ہوں گے بلاول بھٹو زیادہ خود اعتمادی کیساتھ آگے بڑھیں گے جبکہ مریم نواز کو اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا پڑے گی وہ اگر اینٹ کا جواب پتھر سے دینے والی سیاست پر کاربند رہیں تو 2023 کے انتخابات میں یہ انداز فکر نقصان دہ ثابت ہوگا۔ شہباز شریف کو نظر انداز کر کے میاں صاحب تحریک انصاف کو شکست نہ دے سکیں گے پاکستان کی سیاست ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے آزاد کشمیر کے الیکشن نے طبل جنگ بجا دیا ہے عمران خان کو ثابت کرنا ہو گا کہ وہ بہتر گورننس کی اہلیت رکھتے ہیں‘ دوسری طرف اپوزیشن کو بھی مستقبل کی منصوبہ بندی عوام کے سامنے رکھ کے ملک و قوم سے اپنی کمٹمنٹ کو ثابت کرنا ہو گا اب خالی پیلی دنگل سوت نہ کپاس ہوا میں لٹھم لٹھا والی سیاست نتائج نہ دے سکے گی۔