طالبان نے گزشتہ چند دنوں میں افغانستان کے شمال میں پانچ بڑے شہروں پر اور جنوب میں ایک بڑے شہر پر قبضہ کیا ہے دو ہفتے پہلے تک بائیڈن انتظامیہ اس خوش فہمی میں مبتلا تھی کہ طالبان دیہاتی علاقوں میں فتوحات جاری رکھیں گے مگروہ فروری 2020 کے دوحہ معاہدے کے مطابق شہروں پر حملے نہیں کریں گے مگر اب قندوز‘ سر پل‘ تالقان‘ شبر غن‘ زرنج اور ایبک پر طالبان کے قبضے کے بعد واشنگٹن میں خطرے کی گھنٹیاں بجنا شروع ہو گئی ہیں امریکی انخلا کی مخالفت کرنیوالے حلقوں نے اب بہ آوازز بلند پوچھنا شروع کر دیا ہے کہ امریکہ کب تک طالبان کی پیشقدمی کا تماشہ کرتا رہیگا میڈیا بائیڈن انتظامیہ سے پوچھ رہا ہے کہ کیا امریکہ کے پاس دوحہ مذاکرات اورگیارہ اگست کو دوحہ میں ہونیوالی Extended Troika ملاقات جسمیں امریکہ‘ روس اور چین کے علاوہ پاکستان بھی شامل ہے کے علاوہ بھی کچھ آپشنز ہیں وائٹ ہاؤس نے ابھی تک اس سوال کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا اتوار کے دن طالبان نے قندوز‘ سر پل اور تالقان پر برق رفتار حملوں کے بعد قبضہ کر لیاریٹائرڈ جنرل ویزلے کلارک جو نیٹو افواج کے کمانڈر رہ چکے ہیں نے طالبان کی فتوحات پر تبصرہ کرتے ہوے کہا It is a tragedy for the people of Afghanistan, and a consequence of American misjudgements and failures یعنی یہ افغا نستان کے لوگوں کیلئے ایک المیہ ہے اور یہ امریکہ کی غلط بینی اور ناکامیوں کا نتیجہ ہے۔ ریٹائرڈ امریکی ڈپلومیٹ Ryan Crocker جو پاکستان‘ افغانستان اور عراق میں امریکی سفیر رہ چکے ہیں نے کہا In my experience, we just have a lack of strategic patience as a nation and as a government یعنی میرے تجربے کے مطابق ہم میں بحیثیت قوم اور بحیثیت حکومت تزویراتی صبر کی کمی ہے سابقہ سفیر نے یہ بھی کہا کہ اب ہمارے دوست اور دشمن دونوں جان گئے ہیں کہ ہم ایک ہی راستے پر زیادہ دیر تک نہیں چل سکتے دیکھا جائے تو بیس سال ایک طویل عرصہ ہے اور امریکہ میں ایک طبقے کی رائے یہ بھی ہے کہ اگر ہم بیس سال میں افغانستان کیلئے کچھ نہیں کرسکے تو آئندہ بھی کچھ نہ کر سکیں گے صدر بائیڈن نے گذشتہ ماہ صدر اشرف غنی کیساتھ ملاقات کے دوران کہا تھا کہ ”ہم وہاں نیشن بلڈنگ کیلئے نہیں گئے تھے افغانستان کے معاملات کوسدھارنا ہمارا کام نہیں ہے“ صدر بائیڈن کے اس بیان کے بارے میں جب امریکی میڈیا نے کابل میں افغان دانشوروں سے انکی رائے پوچھی تو افغان سکالر اور محقق ارزالہ نعمت نے کہا کہ”امریکہ نے بیس سالوں میں افغانستان کو مکمل طور اپنا محتاج بنایا اور پھر ایکدن صبح اس نے فیصلہ کیا کہ اسے یہاں سے چلا جانا چاہئے پھر اس نے اپنا سامان اٹھایا اور چلا گیا اسے کم از کم اتنا تو کرنا چاہئے تھا کہ ہمیں اپنے بنائے ہوے راستوں پر چلنا سکھا دیتا“ پروفیسر عمر صدر نے صدر بائیڈن کے بیان کے بارے میں کہا کہ”صدر جارج بش نے کئی مرتبہ کہا تھا کہ وہ افغانستان میں نیشن بلڈنگ کیلئے آئے ہیں اب امریکہ ایک خطرناک انتشار پیدا کر کے ہم سے یہ کہہ رہا ہے کہ ہم خود اسے سنبھالیں“ پروفیسر صدر نے افغان حکومت اور سکیورٹی فورسز کی ناکامی کی ذمہ داری امریکہ پر ڈالتے ہوے کہا کہ ”امریکہ نے ہمارے کلچر اور تاریخ کو نظر انداز کرکے ہم پر امریکی ماڈل مسلط کرنے کی کوشش کی جو ہماری سمجھ میں نہیں آیا اور آج اسکے بھیانک نتائج ہمارے سامنے ہیں“قندوز پر طالبان کے قبضے کے بعد اب دنیا کی نگاہیں قندھار اور کابل پر لگی ہوئی ہیں قندوز وسطی ایشیا جانے والی اہم شاہراہ پر واقع تقریباّّ ساڑھے تین لاکھ آبادی کا شہر ہے طالبان نے دو مرتبہ پہلے بھی اس پر قبضہ کیا تھا مگر افغان فوج نے امریکی فضائی حملوں کی مدد سے دونوں مرتبہ اسے واپس لے لیا تھا یہ شہر معاشی اور تزویراتی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے طالبان نے جون سے اسے محاصرے میں لیا ہوا تھا اور دو مہینوں کی جنگ کے دوران افغان فورسز کو تھکا دینے کے بعد انہوں نے اس پر قبضہ کر لیا امریکہ اگر چہ ریپر ڈرون طیاروں اور AC- 130 گن شپ ایئر کرافٹس کے ذریعے طالبان جنگجوؤں اور انکے اسلحہ خانوں پر حملے کرتا رہا ہے مگر یہ حکمت عملی طالبان کی پیشقدمی کو روکنے میں ناکام رہی ہے قندوز کی فتح کے بعد قندھار تا ریخی ٰ اور تزویراتی اعتبار سے اہم ترین شہر ہے طالبان نے 1990 میں اسی شہر سے اپنی جہدو جہد کا آغاز کیا تھا امریکی ماہرین کے مطابق افغان فورسز اگر چہ کہ اس شہر کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہیں مگر وہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک اسے دشمن کی دستبرد سے نہ بچا سکیں گی۔صدر بائیڈن نے دس اگست کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ افغان سکیورٹی فورسز کی کمزور کارکردگی کے باوجود انہیں اپنے فیصلے پر افسوس نہیں ہے اور وہ طالبان کی کامیابیوں کو دیکھتے ہوے بھی اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر آمادہ نہیں ہیں گیارہ اگست کے واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اب بائیڈن انتظامیہ یہ سوچ بچار کر رہی ہے کہ کابل میں امریکی سفارتخانے کو کب تک کھلا رکھا جائے اخبار نے افغانستان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں لکھا ہے کہ Everything is moving in the wrong direction بعض انٹیلی جنس رپورٹوں کے مطابق طالبان تین مہینے کے اندر کابل پر قبضہ کر سکتے ہیں واشنگٹن میں پھیلتے ہوے اضطراب کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ سیکرٹری آف ڈیفنس لائیڈ آسٹن اس سوال کا واضح جواب نہیں دے رہے کہ اکتیس اگست کے بعد امریکہ طالبان پر فضائی حملے جاری رکھے گا یا نہیں۔
اشتہار
مقبول خبریں
دہشت گرد‘ سوٹ اور ٹائی
عتیق صدیقی
عتیق صدیقی
امریکہ افغانستان تعلقات (آخری حصہ)
عتیق صدیقی
عتیق صدیقی
امریکہ افغانستان تعلقات
عتیق صدیقی
عتیق صدیقی