انسانی یادوں میں ایک ساتھ کام کرنیوالے اور سرد وگرم حالات میں ساتھ رہنے والوں کی اپنی اہمیت ہوتی ہے۔معروف براڈ کاسٹر رضا علی عابدی لکھتے ہیں جس روز میں نے بی بی سی میں قدم رکھا‘ اتو ار کا دن تھا عملے کے تمام بڑے لوگ چھٹی پر تھے اور چھوٹے لوگ پروگرام پیش کررہے تھے۔چکوال کے اکرم منہاس پروگراموں کے بیچ میں اعلانات کررہے تھے اور پٹنہ کے سید حسن خبریں پڑھ رہے تھے‘ان دنوں لاجواب لوگ بی بی سی سے وابستہ تھے۔اطہر علی‘وقار احمد‘ضمیرالدین احمد‘ تقی احمد سید‘وسیم صدیقی‘راشد اشرف‘راشدالغفور اور یونس واسطی یہ سب اعلیٰ پائے کے براڈ کاسٹر تھے‘ عملے میں ایک شخص ریڈیو پاکستان کا ہوا کرتا تھا لیکن جاننے والوں میں ایک قابل ذکر نام مختار زمن کا تھا جب میں آیا وہ جارہے تھے اور ان کا جانا عام لوگوں کے جانے سے مختلف تھا‘یہاں اپنے سرکردہ ساتھیوں کا حال کہتا چلوں ہمارے ساتھیوں میں سب سے سینئر یاور عباس تھے‘یاور عباس کسی مرحلے پر پاکستان چھوڑ کر لندن آگئے اسوقت بی بی سی کو اردو براڈکاسٹروں کی سخت ضرورت تھی چنانچہ وہ اردو سروس سے وابستہ ہوگئے اور ابھی 88ء یا 89ء سال کی عمر تک وابستہ تھے اس کے بعد حالات بدل گئے اور اردو کے شعبے سے تمام بزرگ فارغ کردیئے گئے‘ یاورعباس نے شروع ہی سے اپنی دھاک جمائی اور اس قدیم زمانے میں انگریزی کے تمام بڑے ڈرامے اردو میں ڈھال کر پیش کئے ان میں شیکسپیئر کے ڈرامے خصوصاً قابل ذکر ہیں چند ایک ڈراموں میں بابائے ریڈیو ذوالفقار علی بخاری مرحوم کی آواز بھی شامل تھی۔میرے ہوتے ہوئے یاور عباس نے دو قابل ذکر پروگرام پیش کئے ان میں سے ایک کا عنوان تھا اردو کے یورپین شاعر اور دوسرا دنیا کی تاریخی تقریروں سے ترتیب دیاگیا تھا۔اس میں تمام تر صدا کاری سعید جعفری نے کی تھی جو اپنی اداکاری کی تربیت کی بنا ء پر آواز کو کرداروں کے مطابق ڈھال لیتے ہیں۔دوسرے سینئر ساتھیوں میں تقی احمد سید تھے وہ بھی اردو سروس کے پرانے رفقا ء میں سے ایک تھے۔حالات حاضرہ کے پروگرام پیش کیا کرتے تھے اور وہ جو وضع دار لوگ ہوا کرتے تھے۔ان کی جیتی جاگتی مثال تھے۔ان کے بعد اطہر علی اور وقار احمد تھے۔اطہر علی دہلی کالج کے تعلیم یافتہ تھے‘بہت ذہین اورہنر مند تھے‘ ریڈیو سے حالات حاضرہ کے پروگرام پیش کیا کرتے تھے‘ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے موقع پر انکے پیش کئے ہوئے پروگرام کو بہت شہرت حاصل ہوئی تھی۔ایک مرتبہ انہوں نے پاکستان کے حالات پر کوئی پروگرام نشر کیا ان دنوں ضیاء الحق فوجی حاکم تھے ذرا ہی دیر بعد ضیاء الحق کا راولپنڈی سے ٹیلی فون آیا اور انہوں نے اطہر صاحب کو مبارکباد دی آخری دنوں میں وہ اردو سیکشن کے سربراہ ہوگئے تھے ان سے پہلے یہ اعزاز صرف سفید فام حضرات کیلئے مخصوص تھااطہر صاحب کے دوستوں کا بڑا حلقہ تھا اور عجب اتفاق ہے کہ دو ایک کے سوا اس حلقے کے سارے احباب رخت سفر باندھ چکے ہیں۔