انجینئرنگ کا شاہکار

ریلوے کے معاملے میں کوئٹہ بے حد دلچسپ مقام ہے ریل گاڑی کو پنجاب اور سندھ کے میدانوں سے کوئٹہ تک اور پھر آگے افغان سرحد پر چمن تک پہنچانے کیلئے انگریزوں نے انجینئرنگ کے شاہکار تراشے تھے ٗان کا خواب تھا کہ روسیوں کی پیش قدمی روکیں گے اور ٹرین کو افغانستان تک پہنچا کر وسطی ایشیا اور پھر یورپ تک ریل گاڑیاں چلائیں گے اس سے بھی بڑا شاہکار کوئٹہ سے فورٹ سنڈیمن تک ڈالی جانیوالی ریلوے لائن تھی اسے دیکھ کر انجینئر حضرات آج بھی دانتوں میں انگلیاں دیتے ہیں اس کے آگے تو شملہ اور دارجلنگ کی ریلوے لائنیں بھی کچھ نہیں۔ ان دونوں پر روزانہ ہزاروں سیاح سفر کرتے ہیں فورٹ سنڈیمن والی ٹرین چل رہی ہوتی ٗ ایک خلقت انجینئروں کا وہ کارنامہ دیکھنے جاتی مگر پھر کیا ہوا؟’نہ سنا جائے گا مجھ سے یہ فسانہ ہر گز‘وہ سارے انجینئرنگ سے زیادہ عزم اور ارادے کے کارنامے تھے ویسا ہی عزم لے کر میں لندن سے کراچی اور وہاں سے کوئٹہ جا پہنچا ہمارے دوست اسلم سنجرانی وہاں کے افسر اعلیٰ تھے انہوں نے ریلوے والوں کو چوکس کرنا چاہا تو میرا نام سن کر ریلوے حکام نے خود ہی پذیرائی کا اعلان کردیا اس کے بعد کام آسان تھا کوئٹہ میں ریلوے افسران کے لئے بنائے گئے انگریزوں کے بنگلے دیکھے تو حیرت ہوئی کوئٹہ کے تاریخی زلزلے میں مرنے والے ریلوے ملازمین کے ناموں کی تختی دیکھی تو انسان کی جان کے احترام کی حقیقت مجھ پر کھلی۔کوئٹہ سے روانہ ہوا تو احساس ہوا کہ سندھ کے میدانوں سے بولان کے پہاڑوں کے راستے پہ ریلوے لائن کیسے کیسے دکھ اٹھا کے ڈالی گئی ہوگی‘پہاڑوں میں سرنگیں بھی اتنی کشادہ کھودی گئی تھیں کہ ان سے بیک وقت دو گاڑیاں گزر سکیں مگر پھر انگریز چلے گئے اور وہ دوسری لائن ڈالنے کی نوبت آنا تو درکنار یہ واحد لائن ہی سلامت رہ جائے تو غنیمت ہے مجھے لائن مینوں نے دکھایا کہ قدیم پٹڑیاں اور بوسیدہ سلیپر ٹرین گزرنے کے وقت کانپتی ہیں ٗضعیفی سے جیسے کمر دہری ہو جایا کرتی ہے‘یہ وہی ریلوے لائن ہے جسے بچھانے کیلئے سروے کرنے والوں میں ہمارے ”امراؤ جان ادا“ کے مصنف مرزا محمد ہادی رسوا بھی شامل تھے اس ریلوے لائن کے بارے میں مشہور ہے کہ1935ء کے زلزلے نے اسے ذرا بھی نقصان نہیں پہنچایا ٗ زلزلے کی وجہ سے ایک پل بارہ انچ چھوٹا ہوگیا لیکن بالکل سالم رہا اور اس پر گاڑی چلتی رہی۔دن ڈھلنے سے پہلے سبی آگیا جہاں سرکاری مہمان خانے میں میرے ٹھہرنے کا بندوبست تھا۔(رضا علی عابدی کے نشر پروگرام سے اقتباس)