میرے دفتر میں ایک اکاؤنٹ آفیسر تھا‘ وہ بڑا ریگولر آدمی تھا وقت پرآنا‘ ٹکا کر کام کرنا‘ وقت پر جانا اور کچھ کامOver time کا ہو‘ اس نے کبھی اوور ٹائم جوائن نہیں کیا‘ وہ دل و جان کے ساتھ اورلگن کے ساتھ کام کرنے والاتھا۔ ایک دن وہ دفتر صبح آنے کے بجائے ساڑھے بارہ بجے کے قریب آیا‘ تو میں باہر کھڑا مالی کے ساتھ کوئی بات کر رہا تھا‘ تو وہ گزرا۔ میں نے کہا‘ یہ آپ کے آنے کا وقت ہے۔شاید مجھے ایسا نہیں کہنا چاہئے تھا‘ لیکن شاید میں تھوڑا غصے میں تھا اس نے کہا‘ میں معافی چاہتا ہوں‘میں نے کہا‘ نہیں معافی کہنے سے تو کام نہیں بنے گا‘ ساڑھے بارہ کوئی ٹائم نہیں ہے‘ چلیے آپ دس منٹ پندرہ منٹ لیٹ ہو جاتے تو خیر ……؟ میں تو اس کا بہت سختی سے نوٹس لوں گا اور میں آپ کی ACR میں لکھوں گا۔ یہ ساری بات کرکے میں نے کہا‘ آپ میرے دفتر میں آئیں‘ بات کریں‘ تو وہ آکے بیٹھ گیا۔اس نے آ کر کہا‘ میں بہت معافی چاہتا ہوں‘ میں بڑا شرمندہ ہوں کہ میں وقت پر نہیں آ سکا‘ میں نے کہا خالی شرمندگی سے کچھ نہیں بنتا یہ تو آپ کو Explain کرنا پڑے گا۔ کہنے لگا نہیں‘ بس آپ مجھے معاف کر دیں‘میں باس تھا‘ جیسے ہوتا ہے باس‘ ۔ تو میں نے کہا‘ نہیں وہ کہنے لگا بات یہ ہے کہ میری بیٹی تھرڈ ائیر میں پڑھتی ہے‘وہ رات اپنی ماں سے جھگڑی اور غصے میں آئی‘ ماں کی اور بیٹی کی کچھ توتو میں میں ہوئی‘ وہ گھر سے نکل گئی‘ میں آیا تو روکے کہا میری بیوی نے کہا بیٹی تو نہیں ہے۔ میں نے کہا‘ میں کہاں ڈھونڈوں سردیوں کی رات میں اسے۔ ساری رات بے چارہ آدمی‘ شریف سا‘ نیک سا آدمی اور جوان بیٹی چلتا رہا تلاش کرتا رہا۔ بعد میں کافی تلاش کے بعد مجھے خیال آیا‘ وہ ایک سہیلی کا ذکر کیا کرتی تھی گیا تو اس کے گھرکا دروازہ جاکے کھٹکھٹایا رات کے وقت ڈیڑھ بجے تو اس سہیلی کا والد نکلا‘ میں نے اس سے ڈرتے ڈرتے پوچھا تو اس نے کہا دونوں سہیلیاں سوئی ہوئی ہیں‘ صبح میں اپنی بیوی کو لے کر گیا‘اس کی منت خوشامد کی تو میں ذرا سا بیٹھ کے سو گیا کرسی پر ہی‘ تو ساڑھے بارہ بجے میری آنکھ کھلی‘ تو میں یہاں آ گیاہوں۔ جب وہ یہ بات کہہ چکا خواتین و حضرات اب آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ میرے پاس اس کو جواب دینے کیلئے یا خفت مٹانے کیلئے کچھ نہیں تھا۔ اب اس عمر میں پہنچ کر جب میں پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو اتنا لمبا راستہ طے ہو چکا ہے کہ جہاں سے یہ سفر شروع کیاتھا اس کا کوئی اندازہ نہیں ہوپاتا‘ ایک لمبی سیدھی لکیر ہے جو نظر تو آتی ہے اور جس کے واقعات بھی ایک دوسرے کے ساتھ الجھے ہوئے آگے تک چلے آتے ہیں لیکن اس بات کا کوئی فیصلہ نہیں ہو پاتاکہ اتنا سارا لمبا سفر طے کرنے کے بعد آخر آپ نے اس کا نتیجہ کیا نکالا ہے۔ میں عرض کر رہا ہوں کہ میرے ذہن میں 1929ء1930ء اور اکتیس‘ بتیس کے واقعات گردش کر رہے ہیں جن میں سکول جا رہا ہوں۔ میری تختی ہے۔ میرا بستہ ہے پھر اس کے بعد میرے لئے 1935ء بہت ہی اہم سال تھا کہ ہمارے بادشاہ سلامت جارج پنجم (اس وقت برصغیر میں انگریز حکمران تھا کی سلور جوبلی منائی جا رہی تھی اور بڑی دھوم سے منائی جا رہی تھی۔ اس وقت ہم سب لوگ‘ یعنی بچے بہت خوش تھے‘ ہمیں تالی بجانے کے نئے نئے طریقے سکھائے گئے تھے اور گورا فوج کا دستہ ہمارے گھر کے سامنے پریڈ کر رہا تھا اور ہم اس سے مرعوب ہو کر اس کے پیچھے پیچھے ویسے ہی چلتے تھے۔ وہ بھی عجیب و غریب زمانہ تھا‘ آپ لوگوں نے اس طرح کا غلامی کازمانہ نہیں دیکھا جو ہم دیکھ چکے ہیں۔ اس سلورجوبلی کی ساری یادیں میرے ذہن کے چوکٹھے میں پوری توانائی کے ساتھ اور پوری جزویات کے ساتھ قائم ہیں‘اس موقع پر ہمارے سکول میں لڈو بٹے تھے‘تین تین لڈو خاکی لفافے میں ڈال کر ہرطالب علم کو دئیے گئے تھے‘پہلی جماعت سے لیکر دسویں جماعت تک۔ پھر رات کے وقت ہمارے قصبے میں ایک مشاعرہ بھی ہوا تھا اور مجھے میرے والد سمجھاتے تھے کہ مشاعرہ کیا ہوتا ہے کیونکہ میری سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ یہ لوگ اکٹھے ہو کر کیا بولتے ہیں اور کیا وجہ ہے کہ ایک شخص بولتا ہے تو سب واہ‘ واہ کر اٹھتے ہیں۔خواتین و حضرات پھر بالکل سکرین کے اوپر زمانہ بدلتا گیا اور اب بھی بدلتا چلا جا رہا ہے میں نے حیران ہوکر دیکھا کہ اس وقت ایک بہت بڑے ہندوسیٹھ لالہ نتھو رام تھے۔ ان کے پاس ایک بگھی تھی جس کے آگے دو گھوڑے جوتے جاتے تھے‘پھر اچانک زمانے نے ایسا پلٹا کھایا کہ ان کی بگھی کے آگے سے گھوڑے ہٹ گئے لیکن وہ بگھی پھر بھی چلتی رہی‘وہ سارے شہر کا چکر کاٹتی تھی اور ہم لوگ بڑے‘ بوڑھے تالیاں بجاتے ہوئے اس کیساتھ ساتھ بھاگتے تھے اور لالہ جی اس کے اندربیٹھ کر مزے کر رہے ہوتے تھے اس بگھی پر ربر کا بنا بھونپو(باجا) پاں پاں کی آواز بھی نکالتا تھا‘ہم نے گھر میں آ کر اپنی ماں کو بتایا کہ اب بگھی تو بدل گئی ہے اور گھوڑا اس کے آگے نہیں ہے لیکن چلتی پھر بھی ہے تو میری ماں نے بتایا کہ ہاں ایسی بگھیاں بھی ہوتی ہیں۔(اشفاق احمد کے نشر پروگرام سے اقتباس)
اشتہار
مقبول خبریں
پرانے لاہور کا حال
آج کی بات
آج کی بات
بات سے بات نکالنا
آج کی بات
آج کی بات
خدمت کا جذبہ
آج کی بات
آج کی بات
دوستوں کی اہمیت
آج کی بات
آج کی بات
مقصد کا حصول
آج کی بات
آج کی بات
ہوائی جہاز کے انجینئر کی تلاش
آج کی بات
آج کی بات