نیا بسیرا اور مشکلات

آغا ناصر اپنے سفر نامے میں مشہور آبشارنیاگرا کی سیر کا ذکر اپنے مخصوص دلچسپ اور معلومات افزاء انداز میں کرنے کیساتھ انسان کے چاند پر اترنے کے واقعے کی تفصیل لکھتے ہیں کہ ہماری پہلی منزل نیا گرا آبشار تھی نیا گرا دنیا کی دوسری بڑی آبشار ہے یہ کینیڈا کے صوبے اسٹاریو اور امریکی ریاست نیویارک کے درمیان دونوں ملکوں کی بین الاقوامی سرحد پر واقع ہے دونوں ملکوں کے علاقوں کو اس مقام پر ایک تیز رفتار چیختا چنگھاڑتا دریاجدا کرتا ہے‘نیا گرا آبشار کے پرشکوہ اور سحر آفریں نظارے کیلئے ہر سال دنیابھر سے لاکھوں سیاح آتے ہیں نیا گرا آبشار کی سیر اور کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک دن قیام کے بعد اگلے روز ہم واپس امریکہ آگئے‘بافلو کے بعد ہماری اگلی منزل نیویارک شہر تھا یہ وہ دن تھا جب انسان چاند پراترنے والا تھا انیس کی خواہش تھی کہ ہم کسی صورت ٹیلی ویژن پر یہ تاریخی منظر دیکھ سکیں یہ واقعی دنیا کی تاریخ کا ایک یادگار واقعہ تھا وہ لمحہ جب دنیا کا پہلا انسان چاند کی سطح پر قدم رکھے گا چاند کا سارا رومانس ختم ہونے والا تھا اردو شاعری کا وہ المناک دن آگیا تھا جب چاند کی تشبیہات اور چاندنی کے حسن کو بیان کرنے والے احساسات شاید بے وقعت ہوجائیں گے میں نے انیس سے کہا‘ یار پھر اس بڑھیا کا کیا بنے گا جو چاند پر بیٹھی چرخہ کاتا کرتی ہے‘چاند پر آدمی کے پہنچ جانے کے بعد بچے اپنے ماموں سے محروم ہونیوالے ہیں؟ انیس نے میری بات کا کوئی جواب نہیں دیاوہ گاڑی چلاتے ہوئے گنگنانے میں مصروف تھا‘ریڈیو پر رواں تبصرہ جاری تھا وہ بتا رہا تھا خلائی جہاز اپالو نمبر گیارہ کا کمانڈر نیل آرم سٹرانگ دنیا کا وہ پہلا انسان بننے والا ہے جس کو چاند پر قدم رکھنے کا اعزاز ملے گا جب ہم بافلو جاتے ہوئے کسی مضافاتی علاقے سے گزر رہے تھے تو انیس خان نے ایک بستی کے قریب گاڑی روک لی اور کہا اب ہم ٹیلی ویژن پر انسان کو چاند پر اترنے کا منظر دیکھیں گے انیس نے کار گاؤں کی ایک چھوٹی سی سڑک کے کنارے پارک کی اور ہم تینوں گاڑی سے اتر کر ایک گھر کے دروازے پر جاپہنچے‘جو گلی کا سب سے پہلا گھر تھا انیس نے دروازے پر دستک دی ذرا وقفہ کے بعد ایک بزرگ خاتون نے اپنی لرزتی آواز میں اندر سے دریافت کیا ’کون ہے؟ انیس خان نے خالص امریکی لہجہ میں انہیں ساری کیفیت بتا دی ہم نیویارک جارہے ہیں مگر جیسا کہ آپ جانتی ہیں اسوقت دنیا کی تاریخ کا ایک بہت بڑا واقعہ ظہور پذیر ہونیوالا ہے انسان چاند پر اتر رہا ہے ہم ٹیلی ویژن پر یہ منظر دیکھنا چاہتے ہیں اسلئے چاہتے ہیں کہ آپ ہمیں اپنے گھر میں آنے کی اجازت دیں‘دروازے کی دوسری جانب کچھ دیر خاموشی رہی شاید بڑی بی کچھ سوچ رہی تھیں ممکن ہے یہ اندازہ کررہی ہوں کہ ہم سچ کہہ رہے ہیں یا نہیں ’مگر میں گھر میں بالکل اکیلی ہوں‘ ایک طویل وقفے کے بعد اس نے جواب دیا آپ سب غیر ہیں میں نے اس طرح اپنے گھر میں آپ کو آنے کی اجازت کیسے دے سکتی ہوں؟ انیس خان نے ایک ایک لفظ پر زور دیتے ہوئے آہستہ آہستہ کہا ماما ہم شریف لوگ ہیں میں نے آپ کو بالکل سچ بات بتا دی ہے لیکن آپ کو شک ہے تو ہم واپس چلے جاتے ہیں۔