جہاز پرواز کر گیا 

سفر نامہ لکھنا ایک ایسا شعبہ ہے جس پر مکمل دسترس حاصل ہونے کے بعد یہ قارئین کے لئے سب سے دلچسپ صنف ادب بن جاتی ہے کیونکہ ایک ماہر لکھاری جس طرح کسی ملک یا شہر کے حالات و واقعات کو قلم بند کرتا ہے تو اس میں پڑھنے والوں کے لئے بہت کچھ سامنے آجاتا ہے امجد اسلام امجد کا شمار بھی ایسے لکھاریوں میں ہوتا ہے جو قارئین کو اپنی گرفت میں لینے کی مہارت رکھتے ہیں‘امجد اسلام امجد اپنے سفر نامے میں ٹریفک سے جڑے مسائل کے تناظر میں دلچسپ انداز کیساتھ بتاتے ہیں کہ کس طرح وہ ائیر پورٹ پر ہی تھے اور جہاز پرواز کر گیا‘ امجد اسلام امجد لکھتے ہیں روانگی صبح نو بجے تھی‘ اصولاً ہمیں آٹھ بجے ائیر پورٹ پر ہوناچاہئے تھا مگر ہمارے میزبان ہمیں آٹھ بجے مزید ناشتے کے لئے مجبور کرتے ہوئے بتا رہے تھے کہ اس وقت ٹریفک کم ہوتی ہے اور ہم زیادہ سے زیادہ پندرہ منٹ میں ہوائی اڈے کے اندر ہونگے۔
یہ پندرہ منٹ پھیل کر تین گنا ہوگئے پونے نو بجے ہم کاؤنٹر پر پہنچے جو اس وقت بھائیں بھائیں کررہا تھا مگر ہماری توقع کے برخلاف کاؤنٹر والی اجنبی چہارشیزہ کے برف آلود چہرے پر ہمارے اس قدر دیر سے آنے کا کوئی تکدردکھائی نہ دیا‘ چار مسافر چھ بکسے اور چار ہینڈ بیگ چودہ کے چودہ نگ کسٹم کے کاؤنٹر پر جس سراسیمگی اور حواس باختگی کے عالم میں پہنچے اس کا فطری رد عمل وہی ہوا جو ہونا چاہئے تھا نو بجنے میں پانچ منٹ پر اس نے جان چھوڑی ہم نے اپنے گیٹ نمبر کا اتا پتا معلوم کرنا چاہا اس نے بڑی شستہ انگریزی میں بتایا کہ امیگریشن کی منزل سے گزر لو باقی راستہ وہ خود بتا دیں گے ”امیگریشن؟“ میں نے حیرت سے کہا ”امیگریشن تو ہماراامریکہ میں ہوگا!“
 کسٹم والے نے بڑے پروفیسر انہ انداز میں بتایا کہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور کینیڈا کے انتہائی قریبی اور دوستانہ تعلقات کے پیش نظر امریکہ جانے والوں کی امیگریشن کی Formailityیہیں پوری کرلی جاتی ہے‘ امیگریشن والے کی طرف بھاگے اس نے متعلقہ فارم اس طرح ہماری طرف بڑھائے جیسے زبان حال سے کہہ رہا ہو۔ حالانکہ اس سے فرق تو پڑتا نہیں کوئی دو منٹ سے بھی کم عرصے میں ہم نے فارم بھر لئے مگر اس سے قبل کہ انہیں امیگریشن والے کے حضور پیش کرتے اور جہاز کی طرف ”وڑکی“ لگاتے (کیونکہ میری گھڑی کے مطابق فلائٹ کے اور ہمارے درمیان ابھی ایک منٹ باقی تھا ایک لمبے چوڑے گورے نے جو وردی میں ملبوس تھا اور جس کے ہاتھ میں وا کی ٹاکی تھا بڑی خوش دلی سے مسکراتے ہوئے ہمیں اطلاع دی کہ ہمارا جہاز پرواز کر چکا ہے!۔