چینی کمپنی زی ٹی ای نے دنیا کا پہلا ایسا فون (ایکسون 20)متعارف کرایا تھا جس کا سیلفی کیمرا ڈسپلے کے اندر نصب تھا۔
اب زی ٹی ای نے اس کا تھرڈ جنریشن ماڈل ایکسون 40 الٹرا کی شکل میں متعارف کرایا ہے۔
اس نئے فون کے ساتھ ایکسون 40 بھی پیش کیا گیا ہے جس میں سیلفی کیمرا ڈسپلے کے اندر دینے کی بجائے پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔
دونوں فونز میں اینڈرائیڈ 12 پر مبنی مائی او ایس 12 آپریٹنگ سسٹم استعمال کیا گیا ہے۔
زی ٹی ای ایکسون 40 الٹرا
ڈسپلے میں چھپے کیمرے کے لیے 16 میگا پکسل سنسر استعمال ہوا ہے / فوٹو بشکریہ زی ٹی ای
اس فون میں 6.8 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 1116x2480 پکسل ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ سے لیس ہے۔
اسنیپ ڈراگون 8 جین 1 پراسیسر والے اس فون میں 8، 12 اور 16 جی بی ایل پی ڈی ڈی آر 5 ریم اور 256 جی بی، 512 جی بی اور ایک ٹی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔
ایکسون 40 الٹرا کے اندر 5000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری ہے جس کے لیے یو ایس بی سی کے ذریعے 80 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ فراہم کی گئی ہے اور یہی ٹائپ سی پورٹ آڈیو کے لیے بھی استعمال ہوتی ہے۔
فون کا فرنٹ کیمرا 16 میگا پکسل کا ہے جس کے لیے ایک نئی یو ڈی سی پرو اسکرین ڈسپلے چپ کو استعمال کیا گیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس سے دیگر فلیگ شپ فونز جیسی بہترین سیلفی لینا ممکن ہے۔
ایکسون 40 الٹرا کے بیک پر 64 میگا پکسل مین، 64 میگا الٹرا وائیڈ اور 64 میگا پکسل ٹیلی فوٹو 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے ۔
یہ فون سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے / فوٹو بشکریہ زی ٹی ای
اس کے علاوہ ایک فلیکر اور ٹی او ایف سنسر بھی اس کیمرا سیٹ اپ کا حصہ ہیں اور تینوں کیمرے 8K ریزولوشن ویڈیوز شوٹ کرسکتے ہیں۔
یہ فون سب سے پہلے چین میں13 مئی سے فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے اور اس کی قیمت 5 ہزار یوآن (ایک لاکھ 39 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)سے شروع ہوگی۔
ایکسون 40 پرو
اس فون میں سیلفی کیمرا اسکرین کے اندر نہیں دیا گیا / فوٹو بشکریہ زی ٹی ای
ایکسون 40 پرو میں 6.67 انچ کا 144 ہرٹز ڈسپلے موجود ہے جس میں فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہے ۔
فون میں اسنیپ ڈراگون 870 پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ 8 سے 12 جی بی ریم اور 256 سے 512 جی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔
اس فون کا کیمرا سیٹ اپ بھی الٹرا ماڈل سے مختلف ہے۔
اس کی قیمت یا دستیابی کا اعلان نہیں ہوا / فوٹو بشکریہ زی ٹی ای
فون کے بیک پر مین کیمرا 100 میگا پکسل کا ہے جس کے لیے 1/1.52 انچ کا سنسر استعمال ہوا ہے ۔
اس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل، میکرو اور ڈیپتھ کیمرے بھی اس سیٹ اپ کا حصہ ہیں، فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔
5000 ایم اے ایچ بیٹری کی چارجنگ کے لیے 66 واٹ سپورٹ دی گئی ہے ۔
فی الحال اس کی قیمت یا دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔