ماضی کی باتیں 

نامور ڈرامہ نگار اور مصنف اشفاق احمد اپنے چلاس جانے کی روداد بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ہم شاہراہ ریشم پر چل رہے تھے اور ہمیں شام پانچ چھ بجے کے قریب چلاس پہنچنا تھا‘چلاس پہاڑی علاقہ ہے اور کافی اونچائی پر ہے‘یہ خوبصورت علاقہ ہے اوراسکے پہاڑوں کے شگافوں میں ایک سیاہ رنگ کی دوائی سلاجیت پیدا ہوتی ہے وہ بہت قیمتی ہوتی ہے‘ہمارے لیڈرنے وہاں رکنے کا بندوبست کیا تھا اوروہاں ایک سکول ماسٹر کے گھر پر ہمارے ٹھہرنے کاانتظام تھا‘جب ہم وہاں پہنچے تو شام پانچ کی بجائے ہمیں رات کے دس بج گئے‘اس دیر کی بابت ہم سب نے فیصلہ کیا کہ اتنی رات کو کسی کے گھر جانا برا لگتا ہے چنانچہ ایک صاف سے پہاڑ پر جس پر ایک عدد سرکاری بتی بھی لگی تھی ہم اپنے بستر کھول کر اس بتی کے نیچے بیٹھ گئے‘بڑی مزیدارہوا چل رہی تھی وہاں قریب ہی پانی کا ایک نل تھا جو کسی بہت ہی خوشگوار چشمے کیساتھ وابستہ تھا‘ہم وہاں بیٹھے باتیں کر رہے تھے کہ اچانک بہت خوفناک طوفان چلنے لگا‘ تیز ہوا کے اس طوفان سے عجیب طرح کا ڈر لگ رہا تھا‘اس تیز ہوا کے سبب ریت بھی اڑنے لگی‘ جن لوگوں نے چلاس دیکھا ہے انہیں پتہ ہو گاکہ وہاں اگر تقریباً دو کلو میٹر کا فاصلہ طے کریں تو ریگستان شروع ہو جاتا ہے اور پہاڑوں پر چلتے ہوئے اچانک حد نگاہ تک ریت دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے اس تیز طوفان کیساتھ ہی تیز بارش بھی ہونے لگی اور اولے بھی پڑنے لگے‘ہمارے پاس Protection کیلئے کوئی چیز یا جگہ نہ تھی‘اس موقع پر ہمارے لیڈر عمر بقری مرحوم نے کہا کہ ماسٹر صاحب کے گھر چلنا چاہئے خیر ہم نے اس اندھیرے اور طوفان میں آخرکار گھر تلاش کر ہی لیا جب وہاں پہنچے تو ماسٹر صاحب پریشان کھڑے تھے اور ہمارا انتظار کر رہے تھے‘انہوں نے بتایا کہ وہ کسی کے سوئم پر گئے تھے لیکن اپنی بیوی کو اشارہ دے کر گئے تھے

کہ میرے دوست آئیں گے۔میری چھوٹی پوتی نے اس دفعہ گرمیوں کی چھٹیوں میں ایک عجیب و غریب بات کی جو میں تو نہیں کرسکا‘ اس نے سکول کی تھرماس لے کے اس میں سکنجبین بنائی بہت اچھی ٹھنڈی اور برف ڈالی اور اس کو جہاں ہمارالیٹر بکس لگا ہے درخت کے ساتھ ہے اس درخت کی کھوہ میں رکھ دیا اور ایک خط لکھ کے پن کر دیا اس کیساتھ اس نے لکھا انکل پوسٹ مین آپ گرمی میں خط دینے آتے ہیں تو آپ بائیسکل چلاتے ہو بڑی تکلیف ہوتی ہے میں نے آپ کیلئے یہ سکنجبین بنائی ہے یہ آپ پی لیں‘ میں آپ کی بڑی شکر گزار ہونگی ہاں جی تو دوپہر کو ہم روز زبردستی سلا دیتے تھے بچوں کو شام کو جب جاگی تو وہ لے آئی تھرماس دیکھا تو وہ خط تھا اس کا اس کے اوپر ہر کارے نے جو خاص کان میں رکھتے ہیں بال پوائنٹ ان کا خاص انداز ہوتا ہے تو اس نے لکھا تھا پیاری بیٹی تیرا بہت شکریہ میں نے سکنجبین کے دو گلاس پیئے اور اب میری رفتار اتنی تیز ہوگئی ہے کہ میں ایک پیڈل مارتا ہوں تو دوکوٹھیاں آسانی سے گزر جاتا ہوں تو جیتی رہ‘ اللہ تجھے خوش رکھے‘ کل جوبنائے گی اس میں چینی کے دو چمچ زیادہ ڈال دینا یہ اس کی محبت ہے نا یہ بچی جو ہے چھوٹی سی خواتین و حضرات اس نے ایک تعلق محسوس کیا اس سے اسی طرح سے میں کہا کرتا ہوں کہ ہماری زندگیوں میں ہمارے اس جلتے ہوئے ماحول میں تکلیفوں بھرے ماحول میں آپ نے اکثردیکھا ہوگا کہ اکثر سرکاری دفاتر سے بیورو کریسی سے کوئی خیر نہیں پڑتی لوگ بہت دکھی رہتے ہیں۔ ہمارا ایک محکمہ ایسا ہے جو خیربانٹتا ہے اور میں اس سے بہت خوش ہوں وہ ڈاک کا محکمہ ہے یعنی آپ بڑی آسانی کیساتھ اپنی چیز لے جائیں اور ٹھپا لگا کر آپ کو رسید دیتا ہے میں دعا کرتا ہوں آپ یقین کریں میں سچی بات عرض کرتا ہوں کہ میں جب بھی کسی ڈاک خانے کے پاس سے گزرتا ہوں چاہے میں گاڑی میں جارہا ہوں میں انہیں سلام ضرور کرتا ہوں اگر مجھ کو وہ خدانخواستہ تاریخ پیدائش دفتر سے لینی پڑ جائے کئی دفعہ تاریخ پیدائش نکلوانی پڑتی ہے نا تو وہ کہتے ہیں اشفاق صاحب چھ مہینے کے اندر اتنی جلدی آپ کو کیسے نکال دینگے اب رویے کی بات ہے وہ آسانی کے بجائے اعتراض لگا دیتے ہیں اس کیساتھ وہ لگائیں اپنا شناختی کارڈ وہ لگایا پھرکہا جی ا س کی دو کاپیاں کرکے لائیں ڈاک خانے والے ایسا نہیں کرتے اسلئے میں اس کیلئے دعا کرتا ہوں۔