پاکستان سے مقابلہ، بھارت انجانے خوف میں مبتلا

کراچی: انجانے خدشات بھارت کو اپنی لپیٹ میں لینے لگے، پاکستان سے میچز کو ’عام‘ سمجھنے والے اب اسے ’خاص‘ قرار دینے لگے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ایشیا کپ میں گرین شرٹس سے مقابلے کو ’ہائی پریشر‘ تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ میں اور ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے کیلیے کوشاں ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ کوئی دباؤ کا شکار ہو۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے مزید کہا کہ بطور کپتان میرے اور ہیڈکوچ راہول ڈریوڈ کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے پلیئرز کو سمجھائیں، یہ بھی کرکٹ کے دوسرے میچز کی طرح کا ایک میچ ہے اس لیے خود کو دباؤ میں نہ لیں۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں اب ایک ہفتے کا وقت رہ گیا ہے، اس مقابلے کی ٹکٹیں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوچکی ہیں جبکہ شائقین بے تابی سے روایتی حریفوں کے درمیان ٹکراؤ کا انتظار کررہے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کو انجانے خدشات نے لیپٹ میں لیا ہوا ہے، گزشتہ برس یواے  ای میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ سے قبل بھارت پاکستان ٹیم کو کسی خاطر میں ہی نہیں لاتا تھا مگر دبئی میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے 10 وکٹ کی فتح سے اس کی ایسی طبیعت صاف کی کہ بڑبولے پن سے توبہ کرلی ہے۔