سعودی عرب نے 3 ارب ڈالرز قرض واپسی میں ایک سال کی توسیع کردی

اسلام آباد / کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کو دیے گئے 3 ارب  ڈالرز قرض کی واپسی میں ایک سال کی توسیع کردی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے تین ارب  ڈالرز قرض کی واپسی میں ایک سال کی تاخیر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ 3 ارب ڈالرز رول اوور کرنے کی تصدیق کردی۔

واضح رہے کہ 15 اگست کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے تین ارب  ڈالرز سیف ڈپازٹ کی مدت میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ 3 ارب ڈالرز کے سیف ڈیپازٹ پر 3 فیصد سود بھی ادا کیا جائے گا جب کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہوا تو رقم فوری واپس کرنا ہو گی۔

ذرائع نے تین ارب  ڈالرز سیف ڈپازٹ کی مدت میں توسیع دسمبر 2023ء تک کیے جانے کا امکان ظاہر کیا اور بتایا تھا کہ سیف ڈپازٹ کی مد میں رکھی گئی رقم کو استعمال  نہیں کیا جاسکے گا۔

وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے امید ظاہر کی تھی کہ سعودی عرب کے ساتھ ایک سالہ توسیع کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔

وزیر مملکت کے مطابق سعودی عرب ماہانہ 10 کروڑ ڈالرز کا اُدھار تیل بھی فراہم کرے گا۔ 

انہوں نے بتایا تھا کہ سعودی عرب سے 10 ماہ میں 1 ارب ڈالر کا مؤخر ادائیگیوں پر تیل ملے گا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔