پاکستان کا روس سے مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی خریداری پر غور

میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت نے ملک میں توانائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے روس سے مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی خریداری پر غور شروع کر دیا ہے،جبکہ  روس بھی پاکستان کو مؤخرادائیگیوں پر تیل دینے پر تیار ہوگیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ازبکستان کے تاریخی سمرقند میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہبازشریف کی روسی صدر پیوٹن کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں اس معاملے کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم کی روسی صدر کے ساتھ 3 ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ان میں ایک رسمی اور دوغیررسمی تھیں۔ ان ملاقاتوں میں روس سے تیل کی خریداری کا معاملہ بھی زیرغور آیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سرکاری ذرائع نے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ روس پاکستان کو مؤخرادائیگیوں پر تیل دینے پر تیار ہوگیا ہے۔

دوسری طرف امریکا نے بھی اس کی کھل کر مخالفت نہیں کی۔ان ذرائع نے سابق حکومت کے اس دعوے کو غلط قراردیاکہ وہ روس سے کم نرخوں پرتیل خریدنے والی تھی۔

ذرائع کے بقول حالیہ ملاقات میں ہم نے روس سے مؤخرادائیگیوں پر تیل خریدنے کے امکانات کا جائزہ لیا ہے، روس اس تجویز پرغور کیلئے تیار ہوگیا ہے۔