ایم ایل ون اپ گریڈیشن منصوبہ شروع کرنے کا گرین سگنل مل گیا

لاہور:ریلوے کو وفاقی حکومت سے ایم ایل ون اپ گریڈیشن منصوبہ شروع کرنے کا گرین سگنل مل گیا۔ 

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں ریلوے سی پیک سیل کا نیا سربراہ مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

 اجلاس میں سابق وفاقی سیکرٹری ریلوے جاوید انور،سابق سی ای او انجم پرویز نے بھی شرکت کی۔ ریٹائرڈ اے جی ایم ہمایوں رشید بھی سی پیک سیل سربراہ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

 اجلاس میں ایم ایل ون اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت ریلوے ٹریک کیساتھ آپٹک فائبر بچھانے بارے میں تفصیلی مشاورت کی گئی فیصلہ کیا گیا کہ سی پیک منصوبوں پر جنگی بنیادیوں پر کام شروع کیا جائے گا۔

 خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے  ایم ایل ون منصوبہ شروع کرنے کی  نوید سنائی تھی۔

ایم ایل ون اپ گریڈیشن منصوے کے تحت پٹڑیوں کے پشتوں کو اکھاڑ کر نئے سرے سے جدید طرز پر تعمیر کیا جائے گا جبکہ ریل گاڑی کے راستے میں آنے والے تمام بل پیچ اور موڑ ختم کر دیے جائیں گے۔

 ایم ایل ون پر موجود کراسنگ کو انڈر پاس اور پلوں کی مدد سے ختم کر دیا جائے گا۔ ریل کے ٹریک کے ساتھ ساتھ فینسنگ کی جائے گی اور گنجان آباد علاقوں میں یہ کنکریٹ کی دیواروں پر مشتمل ہو گی۔