روس اور افغانستان کے درمیان پٹرول، گندم اور گیس کی خریداری کا معاہدہ طے

کابل:افغانستان اور روس کے درمیان پٹرول، گندم اور گیس کی خریداری کے لیے معاہدہ طے پاگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان حکومت نے روس سے تیل، گیس اور گندم خریدنے کے معاہدے پر باقاعدہ دستخط کردیے ہیں جس کے بعد افغانستان کی معیشت میں بہتری کے قوی امکانات پیدا ہوں گے۔

 افغان قائم مقام وزیر تجارت حاجی نورالدین عزیزی نے میڈیا سے گفتگو میں مذکورہ معاہدے کی تصدیق کی اور بتایا کہ روس افغانستان کو سالانہ 10 لاکھ ٹن پیٹرول، 10 لاکھ ٹن ڈیزل فراہم کرے گا۔

افغان قائم مقام وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ روس افغانستان کو سالانہ 5 لاکھ ٹن ایل پی جی اور 20 لاکھ ٹن گندم دے گا۔

حاجی نورالدین عزیزی کا کہنا تھا کہ معاہدہ غیرمتعین مدت تک ٹھیک چلنے کے بعد طویل مدتی معاہدے میں بدلا جائے گا، افغان وزارت صنعت و تجارت اپنے تجارتی شراکت داروں میں اضافے کیلئے کام کر رہی ہے۔

طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کا یہ پہلا بین الاقوامی تجارتی معاہدہ ہے، واضح رہے کہ روسی حکام کی جانب سے افغان معاہدے پر ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔