سردیوں میں گیس کے شدید بحران کا خدشہ

ذرائع کے مطابق ایل این جی اور ایل پی جی کی عدم دستیابی کے باعث  سردیوں میں گیس کی قلت بڑھ سکتی ہے اورملک میں گیس بحران شدید ہوسکتا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت سردیوں میں صارفین کو ایل این جی کی فراہمی کے لیے ابھی تک کوئی تسلی بخش انتظامات نہیں کرسکی۔ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ ( پی ایل ایل ) نے ایل این جی کی درآمد کے لیے ٹینڈر ضرور جاری کیے تھے مگر ابھی تک ایل این جی کارگو حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

حال ہی میں پی ایل ایل نے 6سال سے کم کی مدت کے لیے 12 ایل این جی کارگوز کا انتظام کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کیے تھے۔ تاہم اب بولی دہندگان کی تعداد بڑھانے کے لیے بولی کی تاریخ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی جی پی سی ٹرمینل ماہانہ 2ایل این جی کارگوز ڈیل کررہا ہے جب کہ اس کی گنجائش 6ایل این جی کارگوز کے مساوی ہے۔ علاوہ ازیں نجی کمپنیوں کو بھی پی جی پی سی ایل این جی ٹرمینل کی بقیہ گنجائش کے استعمال میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔