عوام کے لئے طویل عرصہ بعد بڑی خوشخبری ، پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے کی کمی کا اعلان کردیا ہے  جس سے پیٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے پر آ جائے گی.اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے کی کمی کی جارہی ہے، اس کی قیمت 247 روپے 43 پیسے سے کم ہو کر 235 روپے 30 پیسے ہو جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 19 پیسے کی کمی جارہی ہے، اس کی قیمت 202 روپے 2 پیسے سے کم ہو کر 191 روپے 83 پیسے ہو جائے گی۔ سینیٹر اسحٰق ڈار نے کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 10 روپے 78 پیسے کی کمی کے بعد 186 روپے 50 پیسے ہو جائے گی، پہلے اس کی قیمت 197 روپے 28 پیسے تھی۔  قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ 30 ستمبر کو پہلی سہ ماہی ختم ہوئی ہے جبکہ میں نے گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا دورہ کیا تھا، اس کی کچھ تفصیلات بھی بتانا چاہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ستمبر کے مہینے میں 685 ارب روپے کی کلکشن ہوئی ہے، پہلی سہ ماہی یعنی یکم جولائی سے 30 ستمبر کے درمیان 1635 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا ہے جبکہ ہدف 1609 ارب روپے کا تھا، اس طرح ریونیو اہداف حاصل ہوئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس مدت کے دوران 84 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی میں 62 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے تھے۔