تمام ٹرینوں کے کرایے میں اضافہ، غیر فعال ٹریک بحال

لاہور: ریلوے حکام نے ٹرین آپریشن کی بحالی کے ساتھ ہی ٹرینوں کی تمام کلاسوں کے کرایوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا۔ ریلوے حکام نے مہنگائی کے مارے افراد پر ریلوے ٹرینوں کی تمام کلاس کے کرایوں میں اضافہ کی مد میں ہوش ربا اضافہ کردیا ہے۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی اور پشاور کے درمیان براستہ لاہور چلنے والی خیبر میل ٹرین کی اے سی سلیپر کلاس کا کرایہ 11 ہزار روپے کردیا ہے، اے سی بزنس کلاس کا کرایہ بڑھا کر 8 ہزار روپے کردیا گیا ہے اے سے اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ بڑھا کر7 ہزار روپے کردیا ہے اور خیبر میل ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ بڑھا کر 3،ہزار روپے کردیا گیا ہے۔

لاہور سے براستہ فیصل آباد کراچی کے درمیان چلنے والی قراقرم ایکسپریس ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ بڑھا کر7،ہزار روپے کردیا گیا ہے اور قراقرم ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ 3ہزار روپے کیا گیا ہے۔

کراچی ایکسپریس ٹرین کا لاہور اور کراچی کے درمیان اے سی سلیپر کلاس کا کرایہ بڑھا کر 9، ہزار روپے کردیا گیا ہے اسی ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ بڑھا کر7 ہزار روپے کیا گیا ہے اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ بڑھا کر 5، ہزار روپے ہو گیا ہے اور کراچی ایکسپریس ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ بھی بڑھا کر 3،ہزار روپے کردیا گیا ہے۔

پشاور سے براستہ راولپنڈی فیصل آباد کراچی کے درمیان چلنے والی رحمان بابا ایکسپریس ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ بڑھا کر7 ہزار روپے کردیا ہے اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ بڑھا کر 5، ہزار روپے ہو گیا ہے۔ رحمان بابا ایکسپریس ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ بڑھا کر 3، ہزار روپے کردیا گیا ہے۔

لاہور اور کراچی کے درمیان براستہ ساہیوال چلنے والی پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ بھی بڑھا کر7 ہزار روپے کردیا گیا ہے اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ بڑھا کر 5، ہزار روپے ہو گیا ہے پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ بھی بڑھا کر 3، ہزار روپے ہو گیا ہے۔

تمام ٹرینوں کے تمام کلاسوں میں اضافہ کا اطلاق آج 2اکتوبر سے ہوگا اس حوالے سے ملک بھر کے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس اور ڈویژنل کمرشل آفیسر کو نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے تاکہ ان لائن اور ریلوے ریزرویشن دفاتر سے جن ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے اسی مناسبت سے کرانے وصول کیے جائیں گے۔

 دریں اثناء سندھ میں سیلابی صورتِ حال کے باعث غیرفعال ریلوے ٹریک بحال کردیا گیا جب کہ پہلی ٹرین رحمان بابا ایکسپریس صبح 10 بجے کراچی سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔سندھ میں سیلابی صورتِ حال کے باعث 26 اگست سے غیرفعال ریلوے ٹریک کو بحال کردیا گیا، کراچی سے پنجاب اور کے پی کے لیے ٹرینوں کو مرحلہ وار شروع کیا جارہا ہے۔

پہلی ٹرین رحمان بابا ایکسپریس صبح 10 بجے کراچی سے براستہ فیصل آباد راولپنڈی کے لیے روانی کی جائے گی جب کہ پشاور سے چلائی جانے والی خیبر میل آج دوپہر میں کراچی پہچے گی جو رات سوا 10 بجے پشاور کے لیے روانہ کی جائے گی۔

ریلوے انتظامیہ نے واشنگ لائن اسٹاف کو صبح 8 بجے تک رحمان بابا ایکسپریس تیار کرنے کے احکامات دیے ہیں، ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر نے ریلوے پولیس کو بھی مسافروں کی سیکیورٹی کے لیے احکامات جاری کیے ہیں۔

اندرون سندھ سیلاب کی صورتحال کے باعث کراچی سے صرف 2 مسافر ٹرینیں چلائی جا رہی تھیں، دونوں ٹرینیں مہران ایکسپریس اور شاہ لطیف ایکسپریس براستہ حیدرآباد میرپور خاص کے لیے روانہ کی جاتی تھیں جب کہ کراچی تا دھابیجی کے لیے لوکل ٹرین ( کے سی آر ) سروس سیلاب کی صورتحال میں بھی بحال رہی۔