ڈالر کو 200روپے سے نیچے لائینگے، وفاقی وزیر خزانہ

لاہور:وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ڈالر کو 200 روپے سے نیچے لائیں گے۔ 

 وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈالر کی قیمت کے حوالے سے کہا ہے کہ اس وقت پاکستانی روپے کی قیمت ریئل ایفیکٹیو مارکیٹ ریٹ نہیں ہے، ڈالر کی اصل قیمت 200 سے کم ہے اور یہ 200 روپے سے نیچے آئے گا۔

 دوسری جانب ملک کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ مسلسل ساتویں کاروباری روز بھی جاری رہا، تاہم پیر کے روز ڈالر کی قیمت میں کمی کی رفتار کچھ کم ہو گئی۔


گزشتہ 6 کاروباری ایام کے دوران ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی ہو رہی تھی، تاہم پیر کے روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کوئی کمی نہیں ہوئی، ڈالر کی قیمت 230 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔

جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 17 پیسے سستا ہو کر 227 روپے 28 پیسے کا ہو گیا۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کی رفتار کم ہو جانے کے حوالے سے ایکسپریس نیوز کے مطابق معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں جتنی کمی ہونی تھی ہو گئی۔

یاد رہے کہ اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ بننے کے بعد سے اب تک ڈالر کی قیمت میں 10 روپے سے زائد کی مجموعی کمی ہو چکی۔ اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ بننے سے قبل انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 239 روپے کی سطح بھی عبور کر گئی تھی۔

 ڈالر کی قیمت 239 روپے سے تجاوز کر جانے پر دنیا نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شہباز شریف حکومت کے 5 ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت میں 50 روپے سے زائد کا اضافہ ہونے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 7 ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

 قرضوں کے حجم میں مذکورہ اضافہ صرف روپے کی بے قدری کی مد میں ہوا، جبکہ حکومت کی جانب سے لیا گیا قرضہ اس کے علاوہ ہے۔