حکومت کا پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی نہ لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد:وزیر مملکت برائے پٹرلیم مصدق ملک  نے کہا ہے کہ حکومت کا پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں۔

مصدق ملک نے سینیٹ میں پالیسی بیان دیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر کوئی جی ایس ٹی وصول نہیں کر رہی، آئی ایم ایف سے 50روپے کی لیوی لگانے کا معاہدہ ہوا۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ اس وقت پٹرولیم مصنوعات پر 17فیصد جی ایس ٹی وصول نہیں کیا جا رہا، حکومت کا جی ایس ٹی لگانے کوئی ارادہ نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ حکومت نے پٹرول پر 50روپے لیوی لگانے کا وعدہ کیا جسے ہم نے کنفرم کیا، اس وقت ڈیزل پر 12روپے جبکہ پٹرول پر 32روپے لیوی وصول کر رہے ہیں۔

مصدق ملک نے واضح کیا کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔