عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں یکدم 3 فیصد تک اضافہ

نیویارک: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں یکدم 3 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس کی بڑی وجہ اوپیک کی جانب سے خام تیل کی پیداوار میں 10 لاکھ بیرل یومیہ سے زیادہ کی کمی لانے کی منصوبہ بندی کا اعلان ہے۔

نیویارک مرکنٹائل کے مستقبل کے سودوں میں بنچ مارک برنٹ کروڈ کی خریداری قیمت میں 3.89 فیصد اضافہ کے ساتھ 88.38 ڈالر فی بیرل میں کی گئی جبکہ ڈبلیو ٹی آئی(یو ایس کروڈ)کو 3.86 فیصد اضافہ کے ساتھ 82.56 ڈالر فی بیرل میں خریدا گیا۔

گولڈ مین سچس کے مطابق کساد بازاری کے خدشات اور امریکی ڈالر کی قدر میں استحکام کے باعث رواں سال کی آخری سہ ماہی میں کروڈ آئل کے نرخ 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اوپیک کے رکن ممالک رواں ماہ سے تیل کی پیداوار ایک لاکھ بیرل یومیہ کمی کا آغاز کر چکے ہیں جس کا فیصلہ جنیوا میں گزشتہ ہفتے بدھ کو ہونے والے اوپیک کے اجلاس میں کیا گیا تھا،اس کمی کو بتدریج بڑھا کر 10 لاکھ بیرل یومیہ تک لیجایا جائے گا۔