وزیر خزانہ زیر صدارت ایکنک اجلاس، اربوں روپے کے 13 منصوبے منظور

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایگزیکٹو کمیٹی آف دی نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) کے اجلاس میں 400 ارب روپے سے زائد کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے ایکنک اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سیالکوٹ میں 500 کے وی کا سب اسٹیشن بنانےکی منظوری دی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق سب اسٹیشن کے قیام پر 31 ارب 82 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی جس میں سے 17 ارب 20 کروڑ روپے کی فنڈنگ فرانس کا ترقیاتی ادارہ فراہم کرےگا۔

اجلاس میں این ٹی ڈی سی سسٹم میں بہتری کے لیے 500 اور 220 کے وی کے منصوبے کی منظوری بھی دی گئی، این ٹی ڈی سی سسٹم میں بہتری پر15 ارب روپے سے زیادہ لاگت آئے گی، منصوبے کے لیے 8 ارب 92 کروڑ روپے ایشین ڈویلپمنٹ بینک فراہم کرےگا۔

وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے سے رحیم یار خان، فیصل آباد، ملتان، شیخوپورہ، دادو اور کشمور کے صارفین کو فائدہ ہو گا، بجلی کی طلب پوری ہونے کے ساتھ لائن لاسز میں کمی آئے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وہاڑی میں 220 کے وی سب اسٹیشن کو 500کے وی پر منتقل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، سب اسٹیشن کی اپ گریڈیشن پر17 ارب روپے سے زیادہ لاگت آئے گی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایکنک اجلاس میں چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی، منصوبے پر189 ارب 60 کروڑ روپےخرچ ہوں گے، وفاقی حکومت 65 فیصد جبکہ خیبرپختونخواحکومت 35 فیصد فنڈ کا انتظام کرے گی۔

ایکنک اجلاس میں 43 ارب 80 کروڑ لاگت کے نولانگ ملٹی پرپز ڈیم کی بھی منظوری دی گئی، ضلع جھل مگسی میں 186 فٹ اونچا اور 2996 فٹ طویل ڈیم تعمیر کیا جائے گا، منصوبے سے سیلاب کی روک تھام، غربت میں کمی اور سماجی ترقی ہو گی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں ایچ ای سی نے افغان طلبا کے لیے علامہ اقبال اسکالرشپ منصوبے کی بھی منظوری دی، افغان طلبا کو 4500 اسکالر شپس دی جائیں گی جس پر 12 ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ قومی شاہراہ این 25کراچی کوئٹہ چمن روڈ کو دو رویہ کرنےکا منصوبہ ہے، این 25 کو دو رویہ کرنے پر 74 ارب 71 کروڑ روپے لاگت آئے گی، منصوبہ کے تحت کراچی تا خضدار سڑک کو دو رویہ بنایا جائے گا۔