بجلی کی ترسیل کا نظام پورے ملک میں مکمل بحال کردیا، وزارت توانائی

اسلام آباد: وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ بجلی کی ترسیل کا نظام پورے ملک میں مکمل بحال کر دیا گیا ہے۔

ایک بیان میں وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ آج صبح کراچی کے جنوب میں 5 سو کے-وی کی دو لائنوں میں آنے والےخلل کو دور کر دیا گیا ہے۔

وزارت توانائی کے مطابق بجلی کے متبادل کارخانوں سے بجلی کی رسد بڑھائی جا رہی ہے جوکہ جمعےکی صبح تک معمول پر آجائےگی۔

خیال رہےکہ آج صبح نیشنل گرڈ میں خرابی سےکراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا، حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ بجلی رات 9 بجے تک بحال ہوجائے گی۔

 وفاقی وزير توانائی خرم دستگیرکا کہنا تھا کہ کراچی کے قریب دو ہائی وولٹیج لائنز بیک وقت گریں، جو حیران کن ہے، پانچ سو کے وی کی دو لائنز میں خرابی کے نتیجے میں 8 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جی ایم ٹیکنیکل این ٹی ڈی سی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بنائی ہے جو تحقیقات کرکے چار روز میں رپورٹ جمع کرائے گی، کمیٹی بلیک آؤٹ کی وجوہات کا جائزہ لےگی، کسی خرابی کےباعث ہوا یاکوئی غفلت تھی۔