ٹوئٹر کے ویریفائڈ اکاؤنٹس پر ’آفیشل‘ کے ٹیگ کا آغاز

ٹوئٹر کے ویریفائڈ اکاؤنٹس پر ’آفیشل‘ کے ٹیگ کا آغاز بھی کردیا گیا۔

گزشتہ ہفتے ٹوئٹر سے منسلک ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا تھا کہ پلیٹ فارم پر جلد ہی تمام اکاؤنٹس کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کردیا جائے گا اور اب اس کا آغاز کردیا گیا، تاہم ابھی تک تمام ویریفائڈ اکاؤنٹس پر ’آفیشل‘ کا ٹیگ نہیں دیا گیا۔

ابتدائی طور پر ’آفیشل‘ کا ٹیگ اداروں اور تنظیموں کے ویریفائڈ اکاؤنٹس کو دیا جا رہا ہے۔

’آفیشل‘ کا ٹیگ دیے جانے کا آغاز امریکا اور برطانیہ سمیت یورپی ممالک کے اداروں اور تنظیموں سے کیا گیا ہے اور امکان ہے کہ جلد ہی مذکورہ فیچر کو مزید وسعت دے کر دیگر اکاؤنٹس پر بھی ’آفیشل‘ کا ٹیگ فراہم کردیا جائے گا۔

’آفیشل‘ کا ٹیگ اکاؤنٹس کے نام کے نیچے نظر آ رہا ہے اور یہ ٹیگ صرف ان اکاؤنٹس کو دیا جا رہا ہے جن اداروں یا تنظیموں کے اکاؤنٹس تصدیق شدہ یعنی بلیو ٹک کے حامل ہیں۔

’آفیشل‘ کے ٹیگ کے اکاؤنٹس کو متعارف کرائے جانے کے بعد اب ٹوئٹر پر مزید دو اقسام کے اکاؤنٹس متعارف کرائے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت ٹوئٹر پر اب تمام اکاؤنٹس کو ’آفیشل، بلیو ٹک اور ان لیبلڈ‘ اکاؤنٹس میں تقسیم کردیا جائے گا۔