سعودی عرب میں قدرتی گیس کے دو نئے ذخائر دریافت

ریاض: سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں قدرتی گیس کے دو نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

العربیہ نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان سعودی وزیر برائے توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی آئل کمپنی آرامکو مشرقی صوبے میں غیرروایتی قدرتی گیس کی دوفیلڈز دریافت کرنے میں کامیاب رہی ہے جن میں سے پہلی اوتاد ہے جو غوارفیلڈ کے جنوب مغرب میں دریافت ہوئی ہے اور یہ الہفوف شہر سے 142 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔ دوسری الدہنا نامی فیلڈ ظہران شہرسے 230 کلومیٹر جنوب مغرب میں دریافت ہوئی ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ اوتاد کنویں 108001 سے قدرتی گیس ایک کروڑمعیاری مکعب فٹ یومیہ اور 740 بیرل کنڈنسیٹ کی شرح اور 100921 فیلڈ سے ایک کروڑ 69لاکھ معیاری مکعب فٹ یومیہ اور 165 بیرل کنڈنسیٹ کی شرح سے گیس نکل رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ الدہناگیس فیلڈ نے الدہنا-4 کنویں سے گیس کا اخراج81لاکھ معیاری مکعب فٹ یومیہ جبکہ کنویں 370100 سے گیس کا اخراج ایک کروڑ 75 لاکھ سٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ اور 362 بیرل کنڈنسیٹ ریکارڈ کیا گیا۔

 ادھرقومی ادارہ برائے شماریات کے مطابق سعودی عرب میں اس سال تیل کے شعبے میں سرگرمیوں میں 14.5 فی صد اضافہ ہوا ہے،ایک سال قبل اس شعبے میں یہ شرح 9.3 فی صدتھی۔