جاپان نے سیلاب متاثرین کیلئے مزید 3کروڑ 89لاکھ ڈالر امداد کاا علان کردیا 

اسلام آباد:جاپان نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے مزید 3 کروڑ 89 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں جاپان کے سفارت خانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی جان بچانے کے لیے دی جانے والی یہ امداد ضمنی بجٹ کے حصے کے طور پر دی جائے گی۔

جاپان کے سفارت خانہ نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا آغاز جنوری 2023 سے ہوگا، ٹوکیو مختلف سماجی اور معاشی طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب اور اسلام آباد میں شراکت داروں کے ذریعے سپورٹ کرے گا، ان شراکت داروں میں ڈبلیو ایچ او، یو این ایف پی اے، ایف اے او، یو این ڈی پی، ڈبلیو ایف پی، یو این ویمن، یو این ایچ سی آر اور آئی پی پی ایف شامل ہیں۔

جاپانی سفارت خانہ نے مزید کہا کہ غیر معمولی سیلاب کی وجہ سے مختلف قسم کے انسانی بحران کی صورتحال پیدا ہوئی ہے، سیلاب متاثرین کو صحت کے زیادہ خطرات، عدم تحفظ خوراک، روزگار کے حوالے سے مسائل اور جنسی بنیادوں پر تشدد کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ جاپان کی حکومت جے آئی سی اے کے ذریعے بھی 47 لاکھ ڈالر سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے صحت، زراعت، تعلیم اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ میں امداد کرے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ جاپان نے ستمبر میں سیلاب کی فوری اثرات سے نمٹنے کے لیے 70 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کی تھی۔