کیلیفورنیا: سربراہ ٹوئٹر ایلون مسک نے ٹویٹ میں حروف کی حد 280 سے بڑھا کر 4000 کرنے کی تصدیق کردی۔
ٹوئٹر پر ایک صارف نے ایلون مسک سے دریافت کیا کہ آیا یہ بات درست ہے ٹوئٹر اپنے حروف کی تعداد 280 سے بڑھا کر 4000 کر رہا ہے۔
جس کا جواب ایلون مسک نے ہاں میں دیا۔ تاہم، ان کی جانب سے اس فیچر کے متعلق مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
دوسری جانب ٹوئٹر نے اتوار کے روز تمام صارفین کے لیے ’کمیونیٹی نوٹس‘ نامی فیچر کا اجراء کیا۔
کمپنی کے مطابق کیمیونیٹی نوٹس کا مقصد ممکنہ طور پر گمراہ کن ٹوئٹس کا سیاق و سباق شامل کرتے ہوئے لوگوں کو بااختیار کرنا اور ایک باخبر دنیا تشکیل دینا ہے۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ شراکت دار کسی بھی ٹویٹ پر نوٹس لکھ سکتے ہیں اور مختلف نقطہ نظر رکھنے والے شراکت دار نوٹس کو اس کے مددگار ہونے کے حساب سے ریٹ کرسکتے ہیں، نوٹ کو ٹویٹ پر عوامی سطح پر دیکھا جاسکے گا۔