پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان 

اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے۔

 اوگرا نے آئندہ 15 روز کے لئے قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیپر تیار کر لیا، گزشتہ 15 دنوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

 برینٹ آئل مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہو کر 76 ڈالر فی بیرل تک رہی، حکومت نے عالمی مارکیٹ سے 76 ڈالر فی بیرل میں تیل خریدا۔

اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات سے متعلق دو تجاویز تیار کی ہیں۔ پہلی تجاویز میں عالمی مارکیٹ کے تناسب سے عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔

 پٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لٹر تک کمی کی جا سکتی ہے، ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے تک کمی کی جا سکتی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل 15 روپے اور مٹی کے تیل میں 13 روپے فی لٹر تک کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

 دوسری تجاویز میں جی ایس ٹی کی شرح بڑھا کر قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں، پٹرول اور ڈیزل پر جی ایس ٹی کی شرح صفر ہے، پٹرولیم لیوی 50 روپے فی لٹر کی آخری حد تک بڑھائی جا چکی ہے۔

 اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری بھجوا دی گئی ہے تاہم وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد فیصلہ کرے گی۔