امارات نے پاکستان کے مزید 2شہروں پر وزٹ ویزے پر پابندی لگادی 

لاہور:پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے رہنما عدنان پراچہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پاکستان کے مزید 2 شہروں پر وزٹ ویزے پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے بعد یہ تعداد24تک پہنچ گئی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے اپیل ہے کہ وہ پاکستانی شہروں پر وزٹ ویزے کی پابندی کا معاملہ متحدہ عرب امارات حکومت کے ساتھ اٹھائیں۔

 ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس پابندی سے نہ صرف کاروباری طبقہ متاثر ہو رہا ہے بلکہ فیملیاں بھی ٹور پر نہیں جا پا رہیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات حکومت نے پہلے پاکستان کے 12 شہروں پر وزٹ ویزے پر پابندی عائد کی تھی، پھر یہ تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی اب پاکستان کے مجموعی طور پر 24 شہروں پر وزٹ ویزے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اب پاکستان کے 24 شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد متحدہ عرب امارات ویزے پر نہیں جا سکتے، ان شہروں کے بزنس مین بھی وزٹ ویزے پر نہیں جا سکتے۔

عدنان پراچہ نے کہا کہ اس پابندی کی بنیادی وجہ غیر لائسنس یافتہ ایجنٹس مافیا کی جانب سے غلط بیانی کر کے لوگوں کو وزٹ ویزے پر یو اے ای بھجوانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایجنٹس مافیا نے وزٹ ویزے کے نام پر نوکری کا جھانسا دے کر کچھ لوگ یو اے ای بھیجے تھے لیکن نوکری نہ ملنے پر یو اے ای جانے والے افراد بھیک مانگنے اور دیگر کام کرتے ہوئے پکڑے گئے۔