سونے کی نئی قیمت نے ایک اور ریکارڈ بنا ڈالا

پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1500 روپے کے اضافے کے بعد نئی قیمت میں تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 11 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1818 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں جمعے کے روز سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 1500 روپے اور 1286 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت میں سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

کراچی، حیدرآباد، ملتان، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 84 ہزار 100 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 57 ہزار 836 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا، اور فی تولہ چاندی 20 روپے کے اضافے کے ساتھ 2070 روپے جب کہ دس گرام چاندی کی قیمت 17 روپے 16 پیسے کے اضافے کے بعد 1774 روپے ہوگئی۔