وزیراعظم کی جانب سے بنیادی اشیاء ضروریہ پر خصوصی ٹارگٹڈ سبسڈی کی منظوری

اسلام آباد:وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے عوام کی مشکلات کے ازالہ کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت بنیادی اشیا ضروریہ پر خصوصی ٹارگٹڈ سبسڈی یکم جنوری 2023سے فراہم کر نے کی منظوری دی ہے ان اشیا ضروریہ میں آٹا، چینی،گھی، چاول اور دالیں شامل ہیں۔

ترجمان یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) کے تحت رجسٹرڈ صارفین جنکا سکور غربت انڈکس میں 32۔ پی ایم ٹی کے برابر یا نیچے ہوگا، ان کو آٹا، چینی،گھی، چاول اور دالوں پر خصوصی ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائیگی۔

ان رجسٹرڈ صارفین کیلئے آٹا 10کلو بیگ 400 روپے، گھی 300 روپے فی کلو، جبکہ چینی 70 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہوگی جبکہ چاول اور دالوں پر 15-20روپے فی کلو کی بچت ہوگی۔

 ان صارفین کیلئے ماہانہ خریداری کی حد آٹا 40کلو، چینی 5 کلو، اورگھی 5 کلو مقرر کی گئی ہے۔یوٹیلیٹی سٹورز کے دیگر صارفین کو بھی وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت سبسڈی دی جائیگی۔ عام صارفین کیلئے بھی آٹا، چینی،گھی، چاول اور دالیں پر سبسڈی دی جائیگی۔ 

ان تمام صارفین کو آٹا 10کلو بیگ 648 روپے، گھی فی کلو 375روپے اور چینی 89 روپے فی کلو، کے حساب سے فراہم کیا جائیگا۔جبکہ چاول اور دالوں پر 15-20روپے فی کلو کی بچت ہوگی۔ان صارفین کیلئے ماہانہ خریداری کی حدآٹا 20 کلو، چینی 3 کلو، گھی 3کلو مقرر کی گئی ہے۔

خیبر پختونخواکے عوام کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کردہ آٹا سیلز پوائنٹس اورموبائیل یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا 10کلو بیگ 400 روپے پر فراہم کیا جائے گا۔

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے تمام صارفین سبسڈی کے حصول کیلئے یوٹیلیٹی سٹور پر آنے سے پہلے اپنا شناختی کارڈ نمبر اپنے موبائیل سے 5566 پرایس ایم ایس بھجوایاکریں گے انکو خریداری کیلئے ون ٹائم پاس ورڈ او پی ٹی مہیا کیا جائیگا اور کسی بھی یوٹیلیٹی سٹورز میں وہ ون ٹائم پاس ورڈاو پی ٹی اور شناختی کارڈ دکھانے پر سبسڈائزڈ اشیا کی خریداری کر سکیں گے۔

اس نئے نظام سے صارفین کو یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ اشیا کی خریداری میں سہولت ہوگی، وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ نہایت ہی شفاف انداز میں انکو مخصوص اشیا (آٹا،چینی، گھی، چاول اور دالوں) پر سبسڈی دی جائیگی تاکہ سبسڈی کیلئے اہل اور مستحق افرادکی حق تلفی نہ ہو۔

 واضح رہے کہ سبسڈائزڈ اشیا کے علاوہ دیگر اشیا کی خریداری کیلئے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) اور شناختی کارڈکی ضرورت نہیں ہوگی۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے اس جدید نظام سے کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئیگی، سبسڈی کی مانیٹرنگ جدید طرز سے کی جاسکے گی اورعوام کیلئے سبسڈی کے حصول میں مزید شفافیت آئیگی۔