کراچی ٹیسٹ: 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی صفر پر دو وکٹیں گرگئیں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ میں چوتھے دن کا کھیل ختم ہوگیا، 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی صفر پر دو وکٹیں گرگئیں۔

عبداللہ شفیق اور میر حمزہ کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 277 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کیلئے 319 رنز کا ہدف دیا۔

ٹام بلنڈل اور مائیکل بریسویل 74-74 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نسیم شاہ، حسن، ابرار، میر حمزہ اور سلمان آغا نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں جاری ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے جمعرات کو چوتھے دن میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز 407 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پر کیا، مہمان ٹیم نے صبح کے سیشن میں ہی پاکستان کو 408 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد پہلی اننگز میں 41 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

ابراراحمد بغیر کوئی رن بنائے اش سوڈھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، سعود شکیل 125 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے اپنی آخری پانچ وکٹیں صرف 23 رنز پر گنوائیں، پاکستان کی پانچویں وکٹ 385 پر گری تھی اور 408 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی، کیوی اسپنرز اعجاز پٹیل اور اس سوڈھی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

امام الحق 83، سرفراز احمد 78 کیساتھ نمایاں رہے جبکہ آغا سلمان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔