ٹیسٹ میں پہلی پوزیشن کا جشن مناتی بھارتی عوام کو آئی سی سی نے جھٹکا دیدیا

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کو غلطی سے نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بنانے کا اعتراف کر لیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی ٹیم رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا سے پوزیشن چھین کر بھارت پہلے نمبر پر آ گیا تھا تاہم چند ہی گھنٹوں بعد آئی سی سی نے ایک اپنی ویب سائٹ میں ڈیٹا اپ ڈیٹ کرتے ہوئے دوبارہ آسٹریلیا کو نمبر ون ٹیسٹ ٹیم قرار دیدیا۔

آئی سی سی نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ویب سائٹ پر تیکنیکی غلطی کی وجہ سے بھارت کچھ دیر نمبر ون رہا، آئی سی سی اس غلطی پر معذرت خوا ہے۔

آئی سی سی کی غلطی پر بھارت نے تینوں فارمیٹ میں ٹاپ  پوزیشن کا جشن منانا شروع کر دیا تھا لیکن انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے غلطی کی درستگی کے بعد جہاں آسٹریلیا دوبارہ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا وہیں بھارتیوں کی خوشیاں بھی ماند پڑ گئیں۔

آئی سی سی کی جانب سے بھارت کو نمبر ون ٹیم قرار دیے جانے کے بعد بھارتی کرکٹ فینز نے فوراً سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی تعریفوں کے پل باندھنا شروع کر دیے اور انہیں کرکٹ کی تاریخ کا پہلا کپتان بھی بنا دیا جس کی کپتان میں ٹیم ایک ہی وقت میں تینوں فارمیٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی۔

بھارتی کرکٹ شائقین اس معاملے میں اتنے جذباتی ہو گئے کہ یہ بھی بھول گئے کہ بھارت سے قبل جنوبی افریقا کی ٹیم اگست 2012 میں گریم اسمتھ کی کپتانی میں حقیقی معنوں میں تینوں فارمیٹ میں پہلے نمبر پر آ چکی ہے۔