لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے فارمیٹ میں حکمرانی ختم ہوگئی، آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کی دو درجہ تنزلی ہوگئی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگز کے مطابق گزشتہ روز سری لنکا سے شکست کے بعد پاکستان عالمی نمبر ون نہ رہا۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پاکستان سے پہلی پوزیشن چھین کر سرفہرست آگئی۔
صرف یہی نہیں ایشیا کپ میں مسلسل شکست کے بعد پاکستان دوسری پوزیشن سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا۔ بھارت ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی کی وجہ سے آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگیا۔
اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستانی ٹیم اکتوبر سے شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ تک رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہی رہے گی۔ بھارت کے پاس ایشیا کپ کے دو میچز جیت کر عالمی نمبر ون بننے کا موقع موجود ہے۔
بھارتی ٹیم اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ فارمیٹ میں پہلے جبکہ ون ڈے فارمیٹ میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔