سکردو کا سفر سب کے لئے یادگار ہوتا ہے تاہم اس سفر کو خوبصورت الفاظ کے ساتھ جب کاغذ پر لکھا جائے تو پڑھنے والا لطف اندوز ہوتا ہے۔ معروف براڈ کاسٹر رضا علی عابدی سکردو کے علاقے میں سفر کی داستان میں ایک جگہ لکھتے ہیں کہ ہماری جیپ سکردو سے نکلی اور دریا کو چھوتی ہوئی چلی ‘ راستے میں درختوں کے جھنڈ آئے ‘ گاﺅں آئے ‘ ہوائی اڈہ آیا‘ دریا گھاٹی میں داخل ہونے لگا اور سڑک بلند ہونے لگی کہ اچانک سامنے بڑا سا پل آگیا یہاں ہماری جیپ روک لی گئی ‘ اس کی تلاشی لی گئی ‘ ڈر تھا کہ اس میں کہیں ہتھیار نہ ہوں ‘ہتھیاروں کی و باءبلتستان تک پہنچ گئی تھی‘ایک نوجوان جیپ کی تلاشی لینے میں مصروف تھا ‘ میں نے باتوں باتوں میں اسے اپنا اتہ پتہ بتایا ‘ میرا نام سننا تھا کہ اس نے تلاشی چھوڑی اور مجھے بھینچ کر سینے سے لگا لیا اور جب
تک میں نے چائے نہیں پی لی ‘ بسکٹ نہیں کھالئے اور بہت دیر تک مصافحہ نہیں کرلیا‘ اس نے مجھے جانے نہیں دیا ‘ اتنی چھوٹی آنکھوں سے اتنی بہت سی محبت جھلک سکتی تھی‘ اس کا احساس مجھے بلتستان جا کر ہوا اور اتنی تنگ ‘ دشوار گزار ‘سنگلاخ اور لڑھکتی چٹانوں میں پسی جانے والی گھاٹی میں اتنی عمدہ‘ محفوظ اور رواں سڑک بنائی جاسکتی ہے ‘ اس کا علم بھی مجھے بلتستان پہنچ کر ہوا۔اب جو ہماری جیپ
آگے چلی ‘ انسان اور اس کے ہنر اور اس کے عزائم کے بھید کھلتے گئے ‘ ہمالیہ کے پار قراقرم کے برف سے ڈھکے پہاڑ سراٹھائے کھڑے تھے جن میں پاکستان کے انجینئروں اور فوجیوں نے یہ ایسی سڑک تراشی ہے کہ اس پر چلتے ہوئے دل دہلتا جاتا ہے اور عقل داد دیئے جاتی ہے ‘ کبھی یوں لگا کہ بہت اونچائی پر کوئی دوسری سڑک چلی جارہی ہے ‘ ذرا دیر بعد خود کو اسی سڑک پر پایا ‘ کبھی یہ نظر آیا کہ نیچے گہرائی میں ایک متوازی سڑک دوڑ رہی ہے کچھ دیر بعد خود کو اس پر دوڑتا ہوا دیکھا۔ حیرت انگیز طو پر تراشی ہوئی چٹانیں جن پر تتر بتر گھاس کے سوا کسی درخت کا نام و نشان بھی نہ تھا ‘کہیں کہیں بالائی چٹانیں ہمارے سروں کے اوپر جھکی ہوئی تھیں‘ بالائی پہاڑ سڑک پر سایہ کئے
ہوئے تھے ‘ دو ایک جگہ اوپر سے گرتے ہوئے آبشار عین سڑک کے اوپر برس رہے تھے ‘ گرد میں اٹی ہوئی موٹرگاڑیاں ان سے گزریں تو دوسری طرف شفاف ہو کر نکلیں۔ایسی شاہراہ پر قدم قدم پر خوشبو دار پھول کھلے ہوتے تو کتنا اچھا لگتا مگر اس شاہراہ پر قدم قدم پر کتبے کھڑے تھے جن پر لکھا تھا ”اس جگہ سڑک بناتے ہوئے فلاں انجینئر شہید ہوا ‘ اس مقام پر ڈرائیور فلاں نے جام شہادت نوش کیا....اور اس جگہ کرنل فلاں بارود کے دھماکے میں شہید ہوئے“اس روز پتھر کے کتبوں سے پھولوں کی خوشبو آئی‘ہماری جیپ دریا کے ایک کنارے پر بہت اونچی سڑک پر جارہی تھی اور دوسرے کنارے پر بہت نیچے ‘ لب دریا ایک سرسبز گاﺅں تھا جس کے ہریالے میدان میں لوگ پولو کھیل رہے تھے ‘ اونچائی سے یہ منظر بڑا دلفریب لگا۔ (نشر پروگرام سے اقتباس)