وہیل چیئر ٹی20 ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 140 رنز سے شکست

پاکستان نے وہیل چیئر ٹی20 ایشیا کپ کے میچ میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو صرف 44 رنز پر آؤٹ کرکے 140 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کرلی۔

نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں کھیلے گئے وہیل چیئر ٹی20 ایشیا کپ کے میچ پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کے کھلاڑیوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور16 اوورز میں 8 وکٹوں پر 182 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کے ساجد علی نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے اور کپتان محمد ذیشان 55 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کے احمد یار 26، خالدشاہ 13، محمد فیض 8، عمر گل اورمثال خان نے5،5 رنز بنائے جبکہ محمد شاہد کوئی رن نہ بناسکے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے محمد راجن حسین نے سب سے زیادہ تین کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، دیگر باؤلرز اوزل بیرگی، رپن الدین، سپون دیوان اور رابن گین نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 14اوورز میں صرف 44 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بنگلہ دیش کا کوئی بھی کھلاڑی دہرا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔

پاکستان کے احمد یار نے 3، محمد فیض نے دو، مثال خان اور خالد شاہ نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی ساجد علی عباسی کو 59 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دفاعی چیمپئن پاکستان کو اس سے قبل وہیل چیئر ٹی 20 ایشیا کپ کے گزشتہ میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں 9وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وہیل چیئرمین ٹی20 ایشیا کپ کے آج کھیلے گئے دوسرے میچ میں بھارت نے نیپال کو باآسانی 53 رنز سے ہرا دیا۔