پاکستانی و بھارتی سابق کرکٹرز نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ میں اسپنرز بہت بڑا فرق ثابت ہوں گے۔
عماد وسیم نے کہا کہ پاکستان کو میچ جیتنا ہے تو پہلے دس اوورز سنبھال کر کھیلیں،روہت شرما کو پاکستانی باؤلرز ردھم نہ دیں۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم بڑا کھلاڑی ہے کم بیک کی صلاحیت رکھتا ہے، نسیم شاہ کا ان فٹ ہوجانا پاکستان کیلئے بڑا نقصان ہے۔
سنیل گواسکر نے کہا کہ احمد آباد میں بھارتی ٹیم تین اسپنرز کے ساتھ اتری تو پاکستان کیلئے مشکل ہوسکتا ہے،جو بھی ٹیم 280کے قریب رنز کرے گی اس کو نفسیاتی برتری ہوگی، محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کو بھارت کیخلاف بھی پچھلے میچ کی طرح ہی کھیلنا ہوگا۔
سریش رائنا نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں پاکستان سے زیادہ دباؤ انڈیا پر ہوگا ،احمد آباد میں ٹاس اہم ہوگا اوس سے گیند زیادہ اسپن نہیں ہوگی،پاکستان کے افتخار احمد اس میدان پر اہم کھلاڑی ہوسکتے ہیں
عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان انڈیا کا میچ ہمیشہ کانٹے دار ہوتا ہے، میچ والے دن جو ٹیم پریشر ہینڈل کرلے وہی جیتے گی۔
سابق انڈین کرکٹر مدن لال نے کہا کہ بھارت کیخلاف فخر زمان کو کھلانا چاہئے وہ بیٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ میں بھی اچھے ہیں، پچھلے میچوں میں محمد رضوان، سعود شکیل اور عبداللہ شفیق کا رنز بنانا پاکستان کیلئے اچھا ہوا ہے، کرکٹ اچھی ہوگی تو میدان میں موجود شائقین انجوائے کریں گے۔
بھارتی چینل آج تک کے میزبان وکرانت گپتا جبکہ پاکستانی چینل جیو نیوز سے میزبان شہزاد اقبال تھے۔ پروگرام میں سابق ٹیسٹ کرکٹر سنیل گواسکر، سابق کرکٹر سریش رائنا، سابق کرکٹر مدن لال،اسٹار فاسٹ باؤلر محمد عامر، آل راؤنڈر عماد وسیم اور سابق کرکٹر عبدالرزاق شریک تھے۔
آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ انڈیا کے فاسٹ باؤلرز، اسپنرز اور بیٹرز سب کارکردگی دکھارہے ہیں، پاکستان ایک دو کھلاڑیوں کی کاکردگی پر جیت رہا ہے، پاک بھارت میچ میں اسپنرز بہت بڑا فرق ثابت ہوں گے
انڈین اسپنرز زبردست باؤلنگ کررہے ہیں، پاکستانی اسپنرز تھوڑی لوز باؤلنگ کررہے ہیں اسی وجہ سے انہیں مڈل اوورز میں وکٹیں نہیں مل رہی ہیں۔ عماد وسیم کا کہنا تھا کہ فخر زمان کا انڈیا کیخلاف ریکارڈ اچھا ہے اس کا کھیلنا اہم ہوگا، فخر زمان اسپن باؤلنگ کو اچھی طرح کھیلتا ہے
پاکستان کو میچ جیتنا ہے تو پہلے دس اوورز سنبھال کر کھیلیں،محمد نواز اور شاداب خان کو ہی کھیلنا چاہئے کیونکہ یہ پہلے بڑے میچ کھیل چکے ہیں، روہت شرما کو پاکستانی باؤلرز ردھم نہ دیں، روہت شرما سیٹ ہوجائیں تو حارث رؤف کو زیادہ باؤلنگ کرنی چاہئے۔
محمد عامرنے کہا کہ آج پاک بھارت میچ میں بھارت کو ایڈوانٹج حاصل ہے، سری لنکا کیخلاف 345رنز کا ہدف حاصل کرنے سے پاکستان کی بیٹنگ کو اعتماد ملا ہوگا،پاکستان کی باؤلنگ چل پڑی تو میچ بہت دلچسپ ہوجائے گا
بابر اعظم پاکستان کا بہت بڑا کھلاڑی ہے، ضروری نہیں کہ بابر نے دو میچوں میں کچھ نہیں کیا تو اگلے میچ میں بھی نہیں کرے گا، بابر اعظم کم بیک کی صلاحیت رکھتا ہے۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ میرا فیورٹ ویرات کوہلی ہے جس نے ہمیشہ پریشر گیمز میں کارکردگی دکھائی ہے
بابر اعظم اور ویرات کوہلی دونوں بڑے کھلاڑی ہیں دونوں کا میچ میں اہم کردار ہوگا،نسیم شاہ کا ان فٹ ہوجانا پاکستان کیلئے بڑا نقصان ہے، شاہین آفریدی ابتدائی دو تین اوورز میں وکٹ حاصل کرنے کا مائنڈ سیٹ رکھے،روہت شرما کو جلدی آؤٹ نہیں کیا گیا تو وہ پھر اپنی مرضی سے آؤٹ ہوتا ہے، پاکستانی پیسرز کو کے ایل راہول، روہت شرما اور ویرات کو جلدی آؤٹ کرنا ہوگا۔
سنیل گواسکرنے کہا کہ احمد آباد میں بھارتی ٹیم تین اسپنرز کے ساتھ اتری تو پاکستان کیلئے مشکل ہوسکتا ہے،مڈل اوورز میں بھارتی اسپنرز پاکستان کے ہاتھ سے میچ نکال سکتے ہیں، میچ میں جو بھی ٹیم 280کے قریب رنز کرے گی اس کو نفسیاتی برتری ہوگی
بابر اعظم بہت اچھا بلے باز ہے میں اس کا بڑا فین ہوں، شاہین شاہ آفریدی پر وکٹیں لینے کا بہت دباؤ ہے، شاہین کے ساتھی باؤلرز بھی وکٹیں لیں تو ان پر دباؤ کم ہوگا، شاہین کو ابتدائی اوورز میں وکٹ نہیں ملی تو بھارتی ٹیم بڑا اسکور کرسکتی ہے،دیگر پاکستانی بیٹرز کے رنز بنانے کی وجہ سے بابر اعظم پر دباؤ کم ہوگیا ہے
محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کو بھارت کیخلاف بھی پچھلے میچ کی طرح ہی کھیلنا ہوگا، پاکستان کی بیٹنگ اچھی ہے البتہ باؤلنگ میں تھوڑی کمزوری ہے۔
سریش رائنا نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں پاکستان سے زیادہ دباؤ انڈیا پر ہوگا کیونکہ وہ ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہا ہے، پاک بھارت میچ میں اسپنرز کا بہت اہم کردار ہوگا
پاکستانی اسپنرز تھوڑی چھوٹی بال ڈال رہے ہیں اسی لیے چوکے کھارہے ہیں، احمد آباد میں ٹاس اہم ہوگا شام میں اوس کی وجہ سے گیند زیادہ اسپن نہیں ہوگی،پاکستان کے افتخار احمد اس میدان پر اہم کھلاڑی ہوسکتے ہیں،مجھے لگتا ہے کل بگ اسکور میچ ہونے والا ہے،پاک انڈیا میچ میں جو ٹیم پریشر سے زیادہ انجوائے کرتی ہے اس کی پرفارمنس اچھی ہوتی ہے، پاکستان کی سیم اور سوئنگ باؤلنگ انڈیا سے بہتر ہے۔
سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان انڈیا کا میچ ہمیشہ کانٹے دار ہوتا ہے، میچ والے دن جو ٹیم پریشر ہینڈل کرلے وہی جیتے گی، ٹاس جیت کر بیٹنگ یا باؤلنگ کرنے کا فیصلہ بہت اہم ہوگا، بابر اعظم دنیا کا نمبر ون کھلاڑی ہے
شاہین آفریدی دنیا کا بہترین بولر ہے ان کا وکٹ لینا بہت ضروری ہے، بھارت کو ایڈوانٹج حاصل ہے کیونکہ وہ ایشیا کپ بھی جیت چکا ہے، انڈیا کے بیٹسمین فارم میں ہیں ان کے اسپنرز بھی اچھے ہیں،پاکستان کو فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر کی کمی محسوس ہوگی۔