ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کا نیدر لینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 15ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے نیدر لینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ بھارتی شہر دھرم شالا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا بووما نے بارش کے باعث نصف گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے والا ٹاس جیت کر نیدر لینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے 10ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے پانچ مرتبہ کی چیمپیئن آسٹریلیا کو 134 رنز سے شکست دے کر عالمی کپ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کی تھی جب کہ اس سے قبل اس نے ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور 428 رنز بنانے کے بعد سری لنکا کو 326 رنز پر آؤٹ کرکے میچ 102 رنز سے جیت لیا تھا۔

دوسری جانب نیدر لینڈز اب تک عالمی کپ میں جیت سے محروم ہے، اپنے آخری میچ میں اسے نیوزی لینڈ نے 99 رنز سے شکست دی تھی جب کہ اپنے پہلے میچ میں یورپی ٹیم کو پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

نیدر لینڈز: اسکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، وکرم جیت سنگھم، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈے، تیجا ندامانورو، سائبرینڈ اینجلبرچٹ، ریلوف وین مروے، لوگن وین بیک، آریان دت، پال وین میکرین

جنوبی افریقہ: ٹیمبا بووما (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈر ڈوسن، ایڈن مرکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کگیسو ربادا، کیشو مہاراج، لنگی نگیڈی، جیرالڈ کوٹزی