نئے سال کے 10 دن ؛ کراچی میں 23 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق

شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے حوالے سے گزشتہ سال پولیس افسران کی جانب سے ان واقعات کی روک تھام اور قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاسوں کے باوجود نئے سال میں بھی جان لیوا ٹریفک حادثات میں شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

 چھیپا حکام کی جانب جاری اعداد شمار کے مطابق نئے سال 2025 کے پہلے مہینے جنوری کے 10 روز کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 23 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 261 افراد زخمی بھی ہوگئے۔

جاری اعداد و شمار ک مطابق رواں جنوری میں پورٹ قاسم شوروم کے قریب ٹریفک حادثے میں 40 سالہ علی محمد ، ڈیفنس فیز 7 شہباز سگنل کے قریب ٹینکر کی ٹکر سے 65 سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوا۔

نارتھ کراچی فور کے چورنگی پاکیزہ بیکری کے قریب ٹریفک حادثے میں 35 سالہ نصیر ، کلفٹن بینظیر پارک کے قریب 40 سالہ نامعلوم شخص  ، نمائش چورنگی کراچی ایکسرے کے قریب  65 سالہ نامعلوم شخص، سائٹ ایریا غنی چورنگی کے قریب  36 سالہ امجد، کورنگی ناصر جمپ کرسچن ٹاؤن کے قریب 45 سالہ شاہد ، بلدیہ حب ریور روڈ لکی ہوٹل کے قریب  40 سالہ نامعلوم ، کورنگی چمڑا چورنگی شوروم کے قریب ٹریفک حادثے میں 25 سالہ عبداللہ جاں بحق ہوا۔ 

اسی طرح  شارع فیصل نرسری پل کے قریب ٹریفک حادثے میں 45 سالہ نامعلوم خاتون جاں بحق، ائیر پورٹ چھوٹا گیٹ کے قریب بس کی ٹکر سے 30 سالہ خاتون ، سپر ہائی وے ڈی ایچ اے سٹی کے قریب 2 بسوں میں تصادم کے نتیجے میں 21 سالہ نازش ، نارتھ ناظم آباد شپ اونر کالج کے قریب ٹریفک حادثے میں 5 سالہ رضوان ، نادرن بائی پاس انڈس کٹ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے 5 سالہ احسان اللہ جاں بحق ہوا۔ 

سپر ہائی وے ڈی ایچ اے سٹی کے قریب ٹریفک حادثے میں 16 سالہ نامعلوم ، سپر ہائی وے ٹیکسٹائل مل کے قریب ٹریفک حادثے میں 12 سالہ دانش ، نیپا بدھ بازار کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 2 سالہ شازیہ جاں بحق ، جمعرات کو مچھر کالونی الفلاح چوک واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 3 سالہ حورین فاطمہ ، بلدیہ حب ریور روڈ شارجہ شاپنگ مال کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد 44 سالہ جمیل اور 30 سالہ اکبرجان سے چلے گئے۔ 

جمعے کو شہید ملت فلائی اوور کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد نعمان اور اسرار جبکہ نیشنل ہائی وے گھگھر پھاٹک پل کے قریب ٹینکر کی ٹکر سے  کی ٹکر سے 32 سالہ فیض محمد جاں بحق ہوا۔ اس کے علاوہ جنوری کے 10 روز کے دوران ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 261 افراد زخمی بھی ہوئے ۔