ابرار الحق نے سیاست میں دوبارہ واپسی سے متعلق خاموشی توڑ دی

معروف پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے سیاست میں واپسی سے متعلق اپنے دل کی بات کہہ دی۔

نجی ٹی وی پروگرام میں میزبان احمد علی بٹ کے ساتھ گفتگو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ابرار الحق نے کہا کہ جس طرح کے حالات چل رہے ہیں اُس میں فی الحال سیاست سے کنارہ کشی ہی بہتر ہے۔

گلوکار نے مستقبل میں سیاست میں آنے سے متعلق بات کھلے الفاظ میں نہیں کہی تاہم اُن کے لہجے سے ایسا محسوس ہوا کہ حالات بہتر ہونے کے بعد وہ دوبارہ سے ایک بار پھر سیاستدان کے روپ میں نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ ابرار الحق کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں میں ہوتا تھا اور انہوں نے بلے کے نشان پر الیکشن میں لڑا تھا، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں انہیں ہلال احمر کی سربراہی بھی دی گئی تھی۔

سانحہ نو مئی کے بعد ابرار الحق نے پاکستان تحریک انصاف اور سیاست سے ایک جذباتی پریس کانفرنس میں علیحدگی اختیار کی اور اُس کے بعد سے وہ کسی بھی سیاسی پروگرام میں نظر نہیں آئے۔