نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور بھارت کی دوستی کرانے سے متعلق وزیراعظم کی طرف سے ٹاسک دیے جانے کی خبر کی تردید کر دی۔
اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کی دوستی کرانے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ٹاسک دیے جانے کی خبرکی تردید کرتا ہوں، بھارت کے ساتھ دوستی کروانے کا ٹاسک کسی شخصیت کو نہیں دیا گیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایسا اگر ہوگا تو کابینہ اس کا فیصلہ کرے گی، اب تک ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے دورے میں وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اورآئی ایم ایف کے ایم ڈی وبل گیٹس سے ملاقاتیں ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتیں نہایت کامیاب رہیں،سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں ایک وفد پاکستان آیا، امید ہے مئی میں سعودی کراؤن پرنس پاکستان آئیں گے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار پریقین رکھتا ہوں،لیکن مادر پدر آزادی جس میں ریاست و فوج پر حملہ کیا جائے مناسب نہیں۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ میں نے گندم کی درآمد کی کسی سمری کی منظوری نہیں دی۔