بالی ووڈ کے سینیئر اداکار پریش راول نے کہا ہے کہ ہمارے حکام کو ووٹ کاسٹ نہ کرنے والے بھارتیوں کو سزا دینی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں لوک سبھا انتخابات جاری ہیں، بالی ووڈ کی معروف شخصیات اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد مداحوں سے بھی ووٹ ڈالنے کی اپیل کررہی ہیں جن میں سلمان خان، شاہ رخ خان اور اکشے کمار سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پریش روال نے آج ممبئی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا جس کے بعد اُنہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔
پریش راول نے بھارتی شہریوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ شکایت کرتے ہو کہ حکومت کام نہیں کررہی، اگر آپ آج ووٹ نہیں ڈالیں گے تو اس ملک کے حالات کی ذمہ دار حکومت نہیں بلکہ آپ ہوں گے۔
اداکار نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ووٹ نہیں ڈالتے، ان کے خلاف کوئی نہ کوئی کارروائی ہونی چاہیے یا تو ان کے ٹیکس بڑھائیں یا پھر اُنہیں کوئی دوسری سزا دیں۔
یاد رہے کہ دنیا کی سب سے بڑے انتخابات کے لیے بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے 543 نشتوں پر الیکشن ہو رہے ہیں جس میں مجموعی طور پر 96 کروڑ اور 90 لاکھ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔