لاہور کے علاقے ڈیفنس میں شوٹرز فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون زینب جمیل کا بیان منظر عام پر آگیا، خاوند پر شک کا اظہار کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق خاتون زینب جمیل کا کہنا ہے کہ اُسے دھمکیاں مل رہی تھیں، شک ہے کہ واردات اس کے خاوند نہ کرائی ہو، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
بیوٹی پارلر کی مالکہ زینب جمیل پر بدھ کی دوپہر ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار دو افراد نے فائرنگ کی تھی، زینب کو 6 گولیاں لگیں۔
زینب جمیل نے ہوش میں آنے پر ویڈیو بیان جاری کیا جس میں اس کا کہنا ہے کہ اُسے فون پر سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔
سیلون پر دھمکی آمیز خط بھی بھیجا گیا، ملزمان کو نہیں جانتی، ملزمان پہلے سے گھات لگائے ہوئے تھے، وزیراعلیٰ ان کی گرفتاری میں مدد کریں۔
دوسری جانب واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زنیب گاڑی پر اپنے سیلون کےسامنے رُکتی ہے، اسی دوران موٹرسائیکل سوار 2 حملہ آور آتے ہیں اور فائرنگ کرکے فرار ہوجاتے ہیں، ایف آئی آر کے مطابق زینب کو 6 گولیاں لگیں۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کے ماموں کی مدعیت میں دو نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون نے اپنے خاوند پر شبہ ظاہر کیا ہے، کیونکہ ان دونوں میں دو سال سے اختلافات چل رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی جارہی ہیں، ملزموں کا جلد سراغ لگالیں گے۔